بزم علامہ اقبال واہ کینٹ کے تحت مقابلہ کلام اقبال کا اہتمام

واہ کینٹ(نمائندہ نوائے وقت)بزم علامہ اقبال واکینٹ کے زیر اہتمام مقابلہ کلام اقبال کا نہایت شاندار انداز سے اہتمام کیا گیااس خوبصورت تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان،علمی وادبی شخصیات اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانان خصوصی پروفیسر اختر حیسن ڈائرکٹر پنجاب کالج واہ کینٹ اور ماہر اقبالیات ڈاکٹر صلاح الدین تھے۔تقریب کا آ غا ز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول سے کیا گیا۔ بزم اقبال کے چیف آرگنائزر وبانی ایم عالم ناز نے مہمانان گرامی اور شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے تقریب کے اغراض ومقاصد بیان کئے۔تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے کلام اقبال کے مقابلے میں حصہ لیا اور  نہایت خوبصورت انداز میں کلام اقبا ل پڑھا۔طلبہ کے کلام اقبال پڑھنے کے خوبصورت انداز کو حاضرین نے بے حد پسند کیا۔تقریب سے ایم عالم ناز اور احسان اللہ شاہ نے بھی خطاب کیا جہنوں نے فکر اقبال کے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی اور اس طرح کی تقاریب کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔تقر یب سے اظہار خیال کرتے ہوئے مہمان خصوصی پروفیسر اختر حسین نے کہا کہ نسل نو کوعلامہ اقبال کے اشعار و افکار سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وہی قومیں اور ملک ترقی کرتے ہیں جو اپنے قومی ہیروز اور محسنوں کو یاد رکھتے ہیں ۔اقبال نے غلامی کی بجائے آزادی کا درس دیا اور برصغیر کے مسلمانوں میں بیداری کی ایک روح پھونک دی۔ماہر اقبالیات ڈاکٹر صلاح الدین نے علامہ اقبال کے اصلاحی پہلوں کو اجاگر کرتے ہوئے سماں باندھ دیا ان کی علمی وتحقیقی گفتگو کو شرکا نے بیحد پسند کیا۔تقریب میں علمی و ادبی شخصیات راجہ ا عجاز گوہر، تقی شاہ،امجد محمود، کبیر اعوان،غلام حبیب، چوہدری فدا حسین ،تنویر شاہ نے بھی خصوصی شرکت کی۔ پرائیویٹ سکولوں کے مابین  مقابلے میں میرینز گرامر سکول واہ کینٹ نے پہلی  جبکہ لالہ رخ  ماڈل سکول نے دوسری اور کڈز یونیورسٹی واہ کینٹ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔مہمان خصوصی نے طلبا میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔  بزم علامہ اقبال  واہ کینٹ کے جنرل سیکریٹری ملک ندیم اعوان اور سیکرٹری حافظہ راحت کو بہترین  کارکردگی پر اعزازی شیلڈ بھی دی گئی۔

ای پیپر دی نیشن