لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کو اسموگ سے نمٹنے کے لیے 10 سالہ پالیسی بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کر تے ہوئے کہا ہے کہ ایسے کام نہیں چلے گا، اگر اس بار ہمارے ہاں ستمبر میں اسموگ آئی تو اگلی بار یہ اگست میں آئے گی ،موجودہ حکومت نے گزشتہ حکومتوں سے بہتر اقدامات کیے جبکہ پنجاب حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ اسموگ کنٹرول کرنے کے لیے آئندہ برس سے نومبر، دسمبر، جنوری میں شادیاں رکھنے سے روکنے کی پالیسی پر کام شروع کر دیا،دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں اب سڑک پر نہیں آئیں گی۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ یہ بڑا کیس تھا، میں روز اس کی نشاندہی کر رہا ہوں، حکومت کو محض پالیسی پیپرز سے آگے جانا ہوگا۔