وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان 6، 7 سال بعد اب دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگیا ہے، اسموگ کے مسئلے کو آئندہ چند سالوں میں حل کردیں گے۔ تفصیلات کے مطابق صدر پی ایم ایل این ،سابق وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف جنیوا سے لندن پہنچ گئے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نوازشریف نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے، بھارت کو چیمپیئنز ٹرافی کیلئے پاکستان ضرور آنا چاہیئے، نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے، شہبازشریف نے معیشت کی بہتری کیلئے بے پناہ اقدامات کئے ۔ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں کوئی ایک منصوبہ دیا تو دکھا دیں، کوئی ایک منصوبہ ہی بتا دیں۔ پی ٹی آئی کے دور میں بدقسمتی سے بدتمیزی کے کلچر کو فروغ دیا گیا، نوجوانوں کو گاڑیوں کے پیچھے بھاگنے پر لگا دیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں 6، 7سال بعد اب دوبارہ ترقی آرہی ہے ، اسموگ کا مسئلہ راتوں رات حل نہیں ہوسکتا، اسموگ کا مسئلہ آئندہ چند سال میں حل کردیں گے۔مزید برآں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے عوام کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کے تحت پنجاب بھر میں تمام مراکز صحت کی بیک وقت ری ویمپنگ کا ریکارڈ تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے - پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اور دیہات اور سیمی اربن علاقوں سمیت تمام مراکز صحت کی بوسیدہ خستہ حال عمارتیں چمچماتے کلینکس میں تبدیل ہوں گی- وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر کے تمام مراکز صحت کی ری ویمپنگ کے لئے 31دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے اعدادوشمار کے مطابق پنجاب کے 1236 مراکز صحت کی ری ویمپنگ اور بحالی کا پراجیکٹ تیزی سے جاری ہے۔ ری ویمپنگ پراجیکٹ میں سنٹرل پنجاب کے 286، نارتھ زون کے 363 اور جنوبی زون کے 587 مراکز صحت شامل ہیں ۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات سہیل انور کے مطابق وسطی پنجاب کے مراکز صحت کی 20 فیصد، شمالی زون کی 28 فیصد اور جنوبی پنجاب کی 25 فیصد سے زائدکی ری ویمپنگ مکمل کر لی گئی- پنجاب بھر میں 1219 مراکز صحت کو فیملی کلینکس کی شکل دینے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ 772یونٹس پر پلاسٹرنگ، 384 کی فلورنگ اور 74 ہیلتھ یونٹس کی فنشنگ تیزی سے جاری ہے۔