بریگیڈئر انوارالحق فوجی اعزاز کے ساتھ آرمی قبرستان راولپنڈی‘ کرنل وسیم صوابی میں سپرد خاک

راولپنڈی/ صوابی (نیوز رپورٹر + اپنے سٹاف رپورٹر سے + ایجنسیاں) جی ایچ کیو کے گیٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے بریگیڈئر انوارالحق رمدے کو آرمی قبرستان راولپنڈی اور لیفٹیننٹ کرنل محمد وسیم کو صوابی میں آبائی علاقہ پنج پیر میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بریگیڈئر انوارالحق رمدے شہید کی نماز جنازہ ریس کورس گراﺅنڈ راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ جس میں چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد مصطفی خان‘ ایڈجوئینٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل جاوید ضیائ‘ اعلیٰ فوجی افسروں‘ سپریم کورٹ کے جسٹس خلیل الرحمن رمدے‘ آئی جی پنجاب پولیس طارق سلیم ڈوگر‘ اعلیٰ سول حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور پورے فوجی اعزاز کے ساتھ میت کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ آئی جی طارق سلیم ڈوگر نے پنجاب پولیس کی طرف سے بریگیڈئر انوارالحق شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ شہید نے سوگواروں میں بیوہ‘ دو بیٹے اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ دریں اثناءلیفٹیننٹ کرنل وسیم عامر کی نماز جنازہ صوابی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں فوجی حکام سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی‘ انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ صدر آصف زرداری‘ آرمی چیف جنرل کیانی اور رجمنٹ کی طرف سے شہید لیفٹیننٹ کرنل وسیم عامر کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور فاتحہ خوانی کی گئی۔نامہ نگاران کے مطابق پاک فوج کے شہید کمانڈو قدرت اللہ شہاب کو آج حاصل پور کے مرکزی قبرستان میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا جائیگا۔ شہید لانس نائیک شاہد اقبال کو ان کے آبائی گاﺅں چک نمبر 172گ۔ ب میں چھجوال ستیانہ روڈ کے قبرستان میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔ کمانڈو رفیق خان شہید کی نمازجنازہ آج مخدوم عالی دنیا پور میں ادا کی جائے گی۔ ہری پور کے نواحی موضع پہاڑو کے حوالدار رب نواز خان کمانڈو اور جوان اتوار کی شام اپنے اپنے آبائی علاقوں میں سپردخاک کر دیا گیا ۔ حوالدار زرک خان کی نمازجنازہ سرحد کے جنوبی ضلع کرک میں ادا کی گئی۔ صدر آصف زرداری کی جانب سے شہید ہونے والے فوجی افسروں اور جوانوں کی قبروں پر اتوار کو پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

ای پیپر دی نیشن