وزارت داخلہ کی جانب سے پنجاب،سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز، ہوم سیکرٹریز اور آئی جی حضرات کو اس سلسلے میں ایک مراسلہ بھیجا گیا ہے۔اس مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں مساجد پر قبضوں،زبردستی پیش امام تعینات کئے جانے،اشتعال انگیز تقاریر کی کیسٹس چلائے جانے اور نفرت انگیز نعرے تحریر کئے جانے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے سول انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ اس وقت ملکی حالات اشتعال انگیزی کے متحمل نہیں ہوسکتے اور اس کے خلاف فوری اور سخت ترین اقدامات کئے جائیں تاکہ معاشرے میں تیزی کے ساتھ بڑھتی ہوئی مسلکی کشیدگی پر قابو پایا جا سکے۔