سیالکوٹ کے دیہاتی علاقہ پلوڑہ کلاں میں واقع بنیادی مرکزصحت میں علاقہ کے بااثرچوہدریوں کے مویشی بندھے  ہیں جبکہ لوگوں کوعلاج کیلئے شہر کے ہسپتالوں میں جانا پڑتا ہے ۔

Oct 12, 2010 | 10:08

سفیر یاؤ جنگ
یونین کونسل پلوڑہ کلاں سے ملحقہ اراضی پر پچاس لاکھ روپے کی لاگت سے بنیادی مرکزصحت کی عمارت تعمیر کرنے کا کام پانچ سال قبل مشرف دور میں شروع ہوا تاہم دو سال قبل ٹھیکیدارعمارت کی تعمیر کا کام ادھورا چھوڑ کرغائب ہوگیا جس کی وجہ سے بنیادی مرکز صحت میں علاقہ کے لوگوں نے اپنے مویشی باندھ دیئے جو سارادن بنیادی مرکز صحت میں بندھے رہتے ہیں ۔علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر بنیادی مرکز صحت کام شروع کردے تو علاقہ کے ہزاروں لوگوں کو سرکاری سطح پرعلاج معالجہ کی سہولت مل سکتی ہے لیکن محکمہ صحت کے حکام اس بنیادی مرکز صحت میں علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات نہیں کررہے ۔ مقامی لوگوں نے سابق یونین ناظم اورعوامی نمائندوں کو بنیادی مرکز صحت میں مویشیوں کے قبضے کا ذمہ دار قراردیتے ہوئے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مرکز صحت کو قبضہ گروپ سے واگزارکرائیں ۔ ۔
مزیدخبریں