ڈینگی مچھر کی اڑان جاری، لاہور میں مزید چار افراد کو ابدی نیند سلادیا، پنجاب میں ہلاک ہونےوالوں کی تعداد دوسو پندرہ ہوگئی ۔

پنجاب میں ڈینگی کےخوف نےلوگوں کی نیندیں حرام کررکھی ہیں جس کا سب سے بڑا شکار لاہور ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں ڈینگی فیور میں مبتلا مزید چار افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والے دو افراد شادباغ کا پندرہ سالہ اسامہ اور گلشن راوی کا ساٹھ سالہ شہباز میو ہسپتال میں زیر علاج تھے جبکہ سی ایم ایچ میں ساندہ کا چالیس سالہ عبدالحمید پلیٹ لٹس کم ہونے کے باعث چل بسا ادھر گنگا رام ہسپتال میں اچھرہ کاپینسٹھ سالہ شوکت منظوربھی دم توڑ گیا جس کے بعد پنجاب میں جان لیوا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد دوسو پندرہ ہوگئی ہے۔دیگر شہروں میں بھی ڈینگی وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ فیصل آباد میں ڈینگی کے تیس نئے مریضوں کے بعد متاثرہ افراد کی تعدادایک ہزار اٹھانوے تک پہنچ گئی ہے ۔ ملتان میں چارنئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعدادچونسٹھ ہو چکی ہے ۔ بہاولپور مزید آٹھ افراد میں ڈٰینگی وائرس کی تصدیق کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد دوسو چالیس ہوگئی ہے جبکہ گوجرانوالہ میں ڈٰینگی کےمریضوں کی تعداد ایک سو پانچ ، سرگودھا میں ایک سو اسی ، ڈیرہ غازی خان میں چھیالیس اورسیالکوٹ میں تیس ہوگئی ہے۔ دوسری جانب ہسپتالوں میں رش اورصحت وصفائی کی ناکافی سہولیات نے مریضوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن