مسلم لیگ نون کی جانب سے بارہ اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے اس سلسلے میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ایک احتجاجی کیمپ بھی لگایا گیا ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ نون کے رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ بارہ اکتوبر قومی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے۔ اگرپرویز مشرف اس روزجمہوریت پر شب خون نہ مارتے تو آج ملک دہشتگردی، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے بدترین مسائل سے دوچار نہ ہوتا۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو آج اس عزم کا اظہار کرنا چاہیے کہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعہ کا اعادہ نہیں ہونے دیں گے۔ ادھر آل پاکستان مسلم لیگ کے فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت اس دن کو یوم نجات کے طور پر منا رہی ہے کیونکہ اس دن ایک کرپٹ حکومت کا خاتمہ ہوا تھا اور قوم کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات ملی تھی ۔فواد چوہدری کا کہناتھاکہ اگر نواز شریف کی حکومت چھ ماہ بھی مزید رہ جاتی تو ملک دیوالیہ ہوجاتا۔