مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر اقوام متحدہ کا نوآبادیاتی نظام کے خاتمے کا ایجنڈا نامکمل رہیگا : پاکستان‘ یہ بھارت کا اٹوٹ انگ ہے : بھارتی مندوب

Oct 12, 2011

سفیر یاؤ جنگ
اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب رضا بشیر تارڑ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کا باعث بنے گا۔ یہ بات انہوں نے جنرل اسمبلی کی نوآبادیاتی نظام کے خاتمے کی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے منظور کی گئی قراردادوں میں تسلیم کیا گیا ہے اور مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے بغیر اقوام متحدہ کا نوآبادیاتی نظام کے خاتمے کا ایجنڈا نامکمل رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پرامن اور تمام فریقوں کیلئے قابل قبول حل کیلئے پرعزم ہے۔ اجلاس کے شرکاءنے جہاں پاکستانی مندوب کے تبصرہ کو تعمیری قرار دیا وہاں بھارتی مندوب نے انہیں بلاجواز اور غیرمتعلقہ کہا۔ بھارتی مندوب آر روندرا نے ایک بار پھر کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے شہری وہاں ہونے والے انتخابات کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں تاہم پاکستانی مندوب نے ان کے اس دعوے کو فوراً مسترد کر دیا۔ اجلاس میں موجود ایک اور پاکستانی مندوب طاہر اندرابی نے بھارتی مندوب کے تبصرے کے جواب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر پر بحث کمیٹی کے دائرہ اختیار میں ہے کیونکہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی قراردادوں میں متنازعہ خطہ تسلیم کر رکھا ہے اور وہاں کہ لوگوں کی خواہشات جاننے کیلئے آزادانہ استصواب رائے کا انعقاد ضروری ہے۔
مسئلہ کشمیر/پاکستان
مزیدخبریں