میانوالی+کندیاں+ترگ + لاہور (نمائندگان + خصوصی رپورٹر) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر شیر افگن خان نیازی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ کافی عرصے سے جگر کے کینسر میں مبتلا تھے اور گزشتہ چند روز سے کومہ میں تھے۔ ڈاکٹر شیر افگن خان نیازی کے انتقال کی خبر جنگل کی آگ کی طرح شہر میں پھیل گئی جس کے بعد ان کے سپورٹرز، ووٹرز، عزیز واقارب اور معززین شہر کی بڑی تعداد ان کی رہائشگاہ پہنچنا شروع ہوگئی، اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، لوگ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ ان کی نماز جنازہ آج صبح 10 بجے گورنمنٹ ہائی سکول میانوالی میں ادا کی جائیگی، ملک بھر سے اہم سیاسی شخصیات کی شرکت متوقع ہے جبکہ صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ کے علاوہ دیگر بڑی چھوٹی سیاسی و مذہبی پارٹیوں کے رہنماﺅں نے مرحوم ڈاکٹر شیر افگن خان نیازی کے صاحبزادے اور سابق تحصیل ناظم میانوالی امجد علی خان نیازی کو ٹیلی فون کر کے اظہار افسوس کیا، ان کی وصیت کے مطابق ان کی تدفین حضرت سلطان زکریاؒ کے مزار کے نزدیک واقع قبرستان میں کی جائیگی۔ انجمن تاجران کی اپیل پر شہر کے چھوٹے بڑے بازار اور مارکیٹیں بند ہوگئےں۔ اس موقع پر لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کے بیٹے امجد علی خان نے کہاکہ مجھے فخر ہے کہ میرے والد نے سیاسی جدوجہد سے بھرپور زندگی بسر کی، میاں محمد نواز شریف، شہباز شریف، عمران خان، الطاف حسین، پروفیسر منور حسن، مولانا فضل الرحمن، مولانا ڈاکٹر محمد زبیر ابوالخیر، انعام اللہ خان نیازی، علی حیدر نور خان نیازی و دیگر نے ڈاکٹر شیرافگن خان کی وفات کو بڑا قومی نقصان قرار دیتے ہوئے ان کی بھرپور سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ آل پاکستان مسلم لےگ کے قائد پروےز مشرف‘ مرکزی سےکرٹری اطلاعات آسےہ اسحاق‘ بےرسٹر سےف‘ مےاں زاہد سرفراز‘ چوہدری اشرف‘ غلام مصطفی خاصخیلی ، شاہد قریشی‘ امون پاشا اور دےگر رہنماﺅں نے بھی شےر افگن خان نےازی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکےا ہے۔مولانا سمیع الحق، مولانا محمد عاصم مخدوم، منور حسن، لیاقت بلوچ، عمران خان، شاہ محمود قریشی، مخدوم جاوید ہاشمی، وزیراعلیٰ خیبر پی کے میر حیدر خان ہوتی، گورنر پنجاب سردار محمد لطیف کھوسہ نے بھی ممتاز سیاستدان، پارلیمنٹرین اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر شیرافگن کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر شیرافگن نیازی انتقال کر گئے‘ نماز جنازہ آج ہوگی
Oct 12, 2012