لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) 12 اکتوبر 1999ءکو جنرل پرویز مشرف کے ہاتھوں حکومت پر شب خون مارے جانے، آمرانہ اقدامات کے خلاف آج یوم سیاہ منائے گی۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف نے ایک بیان میں کہا ہے کسی ریاست کو اس کے اپنے ہی عوام کے اعتماد و تائید اور اس کے آئینی و قانونی اور جمہوری و سیاسی کردار سے محروم کر دیا جائے تو وہ ریاست عالمی برادری کے سامنے کمزور اور نہتی ہو جاتی ہے۔ تب یہ عوام کی نہیں بلکہ فرد واحد کی ریاست بن جاتی ہے، ایسا فرد واحد جو عوام کا منتخب نمائندہ ہوتا ہے نہ ہی پارلیمنٹ کو جوابدہ، چنانچہ دنیا اس سے اپنے مفاد کے مطابق، اپنی مرضی کے فیصلے کراتی ہے۔ 12 اکتوبر 99ءکی فوجی کارروائی کے حوالے سے نوازشریف نے کہا پاکستان میں جمہوریت اور عوام کی منتخب حکومت کے ساتھ اس یوم سیاہ کو بھی یہی ہوا تھا جب غیر آئینی و غیر قانونی کارروائی کے ذریعے عوام کی منتخب حکومت کا خاتمہ کر کے ریاست کو کمزور اور نہتا کر دیا گیا اور یہ اسی کا نتیجہ تھا کہ دنیا عوام کی تائید سے محروم ڈکٹیٹر سے اپنی مرضی کے فیصلے کراتی رہی اور پاکستان مسائل کی دلدل میں دھنستا چلا گیا۔ نوازشریف نے کہا پاکستانی عوام نے اپنے پختہ عزم، سیاسی شعور، جمہوریت پر ایمان اور قائداعظمؒ کی سیاسی تعلیمات پر یقین رکھتے ہوئے آئین اور جمہوریت کو دوبارہ حاصل کر لیا لیکن اس کے ساتھ ہی ایک اہم بات یہ کہ عوام کی منتخب پارلیمنٹ نے ڈکٹیٹر کے غیر آئینی اقدامات کی توثیق نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا آئین شکنی کے مرتکب طالع آزماﺅں پر آئینی و قانونی تقاضوں کے مطابق مقدمات چلائے جاتے تو کسی آئندہ مہم جوئی کا دروازہ ہمیشہ کے لئے بند ہو جاتا۔ نوازشریف نے کہا آج پاکستان نااہل حکمرانوں کی غلط ترجیحات اور عوام دشمن پالیسیوں کے باعث بیڈ گورننس، مہنگائی، بے روزگاری، لوڈ شیڈنگ، کرپشن اور دہشت گردی جیسے مسائل کا شکار ہے۔ غریب عوام کے لئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو گیا ہے لیکن مجھے یقین ہے یہ مشکل حالات جلد بدلیں گے۔ ووٹ کے ذریعے تبدیلی کا جو خواب میں دیکھتا تھا، پاکستان کے عوام تمام تر مشکلات اور نامساعد حالات کے باوجود اس خواب کی تعبیر کی طرف گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا سیاسی شعور اور آئینی و جمہوری عمل پر غیر متزلزل یقین کی بدولت پاکستانی عوام کا شمار بلاشبہ کسی بھی جدید ریاست کے جمہوریت پسند شہریوں میں کیا جا سکتا ہے جو طاقت کی بجائے دلیل اور خالصتاً جمہوری انداز میں ووٹ کے ذریعے تبدیلی کی منزل حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ 12 اکتوبر 1999ءکا سبق یہی ہے تبدیلی کی منزل اقتدار پر غاصبانہ قبضے کے ذریعے نہیں بلکہ ووٹ کے ذریعے ہی حاصل کی جا سکتی ہے اور یہ بات اطمینان اور مسرت کا باعث ہے کہ دیگر مہذب جمہوری معاشروں کی طرح پاکستانی عوام نے بھی یہی راستہ اختیار کیا جس پر عمل پیرا ہو کر ہی وطن عزیز کو مستحکم اور جمہوریت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف آج قصور میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے جبکہ مسلم لیگ (ن) لاہور کے زیر اہتمام فیصل چوک میں احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا۔