میانوالی + کندیاں + ترگ (نمائندگان) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر شیر افگن خان نیازی 1946ءمیں پیدا ہوئے، ان کا تعلق میانوالی کے معروف قبیلہ وتہ خیل سے تھا۔ 1964ءمیں نشتر میڈیکل کالج ملتان سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی اور کافی عرصہ تک میانوالی میں پریکٹس کرتے رہے۔ انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز 1978ءکے جنرل ضیاءالحق کے بلدیاتی الیکشن سے کیا، وہ 1985ئ، 1988ئ، 1993ءاور 2002ءکے انتخابات میں میانوالی کے حلقہ این اے 72 سے کامیاب ہوتے رہے وہ بے نظیر بھٹو اور جنرل مشرف کے دور حکومت میں وزارت کے منصب پر فائز رہے۔ انہوں نے ضلعی سیاست میں بھی بھرپور کردار ادا کیا اور خدمت اتحاد کے نام سے ان کی قیادت میں بنایا گیا سیاسی اتحاد 4 سال تک ضلعی سیاست پر چھایا رہا۔ بعدازاں وہ آل پاکستان مسلم لیگ میں شامل ہو گئے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آخری الیکشن 2008ءمیں لڑا جس میں انہوں نے 46 ہزار 8 سو 13 ووٹ حاصل کئے، 3 ماہ قبل انہوں نے عملی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔ واضح رہے کہ انہوں نے 1985ءمیں بیک وقت میانوالی سے ایم پی اے اور ایم این اے کے الیکشن جیتے۔ یاد رہے کہ قیام پاکستان سے قبل میانوالی کی سیاست پر چھائے ہوئے روکھڑی خاندان اور کالاباغ گروپ کے سیاسی تسلط کو ہلا کر رکھ دیا۔ وہ مشرف دور میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور رہے۔ انہوں نے اپنے پیچھے ایک بیٹا، بیوہ اور 2 بیٹیاں سوگوار چھوڑیں۔