ملالہ پر حملے میں ملوث ”ظالمان“ کے قریب پہنچ گئے، علما آج فتویٰ جاری کریں: رحمن ملک

Oct 12, 2012

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے انکشاف کیا ہے کہ ہم سوات کی بہادر بیٹی ملالہ یوسف زئی پر حملے میں ملوث ”ظالمان“ کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے علماءکرام سے اپیل کہ وہ اپنا کردار ادا کریں اور آج جمعہ کو فتویٰ جاری کریں۔ طالب علم حاصل کرتا ہے ظالمان فساد پھیلا رہے ہیں۔ ان طالبان کو ظالمان کہا جائے، وفاقی کابینہ کے سامنے یہ بات رکھی ہے، پوری قوم جمعة المبارک کے موقع پر ملالہ کیلئے دعا کرے، یہ ظالمان ملک اور قوم کے خلاف حملہ کر رہے ہیں۔ گروپ کا پتہ چل گیا ہے جنہوں نے پلاننگ کی اور حملہ کیا، پلاننگ کا سارا علم ہو چکا ہے، ناکوں کی تفصیل ابھی سامنے نہیں لائی جا سکتی، مولوی فقیر اللہ، فضل اللہ بارڈر کے اس طرف ہیں کسی کا ہاتھ تو ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو پارلیمنٹ ہا¶س کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسفزئی کو بیرون ملک لے جانے کیلئے جیسے ہی اجازت میڈیکل بورڈ اجازت دے گا فوری طور پر جرمنی لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی قرارداد مذمت میں ظالمان کا نام شامل ہونا چاہئے تھا۔ میں نے صدر کو ملالہ کی صحت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صدر نے بورڈ سے اجازت ملنے پر جرمنی لے جانے کی ہدایت کی، ڈاکٹرز کی ٹیم ان کے ساتھ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بلائے تو وہ ان کیمرہ پوری بریفنگ دینے، لاپتہ افراد اور اصغر خان کیس میں بھی پارٹی بننے کو تیار ہیں میری سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ مجھے بلایا جائے۔ 12 اکتوبر کا دن جمہوریت کو مضبوط کرنے کے دن کے طور پر منانا چاہئے، پاکستان کی سلامتی و خودمختاری کیلئے کام کرنا چاہئے۔ امریکہ سمیت 16 ممالک کے ساتھ دوہری شہریت کے معاہدے ہیں۔ مولوی سفیر اللہ اور فضل اللہ سرحد پار سے حملے کروا رہے ہیں۔ ملالہ پر حملہ کرنے والے ضرور پکڑے جائیں گے۔

مزیدخبریں