لاہور (سپورٹس رپورٹر+نیوز ایجنسیاں) پاکستان کرکٹ بورڈ کا اعلیٰ سطحی اجلاس چیئرمین پی سی بی چوہدری ذکاءاشر ف کی زیر صدارت آج ہوگا جس میں سری لنکا میں آئی سی سی ورلڈکپ ٹی ٹونٹی میں ٹیم کی کار کر دگی کا جائزہ لیا جائےگا اور کپتان کے خلاف بیان دینے والے عبدالرزاق کی قسمت کا فیصلہ بھی متوقع ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا اعلیٰ سطحی اجلاس (آج) جمعہ کو ہوگا جس کی صدارت چیئرمین ذکا اشرف کریں گے۔ دسمبر جنوری میں بھارت کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹونٹی سیریز سے قبل مستقبل کی حکمت عملی بے حد اہم ہوگی۔ بورڈ کے حکام کپتان اور کوچز کی مشاورت سے مستقبل کی حکمت عملی بنائیں گے۔ ذرائع کے مطابق ٹیم انتظامیہ شاہد آفریدی، کامران اکمل، شعیب ملک، عمران نذیر کی فارم سے خوش نہیں تاہم پاکستان کے لئے سب سے برا مسئلہ یہ ہے کہ کیا بھارت کے خلاف سیریز میں سینئر کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنے کا خطرہ مول لیا جا سکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم میں آزمودہ اور بڑے نام والے بعض کھلاڑیوں کو ڈراپ کرکے ان کی جگہ نئے خون کو شامل کرنے کی تجویز ہے جبکہ کپتان محمد حفیظ، کوچ ڈیو واٹمور، چیف سلیکٹر اقبال قاسم، منیجر نوید اکرم چیمہ، فیلڈنگ کوچ جولین فونٹین، ڈائریکٹر جنرل جاوید میاں داد، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل انتخاب عالم کی اجلاس میں شرکت کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی چوہدری ذکاءاشرف کپتان محمد حفیظ کیخلاف بیان دینے کے حوالے سے عبدالرزاق سے خاصے ناراض ہیں، وہ کوچ اور ٹیم منیجر سے بات چیت کر کے آل راﺅنڈر کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کریں گے جبکہ اجلاس میں کئے جانیوالے فیصلوں کے حوالے سے چودھری ذکاءاشرف پریس کانفرنس کے ذریعے میڈیا کو آگاہ بھی کریں گے۔ پی سی بی کے چیئرمین کولمبو میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے بعد جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب وطن واپس پہنچ گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا اجلاس آج نئے کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی تجویز
Oct 12, 2012