زرداری کے خلاف مبینہ کرپشن کے 5 ریفرنسز کھول دیئے گئے ۔۔ 14 اکتوبر کو بطور ملزم پیش ہوں ۔ احتساب عدالت

Oct 12, 2013

راولپنڈی ( نوائے وقت نیوز +  این این آئی +  اے این این + اے پی اے) راولپنڈی کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف  علی زرداری کے خلاف مبینہ کرپشن  کے 5 ریفرنسز دوبارہ کھول دیئے۔  پراسیکیوٹر جنرل نیب اور  متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری  کر دئیے گئے ہیں۔ زرداری  کو 14  اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے۔ عدالت نے ریفرنسز کا ریکارڈ بھی پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جمعہ کو  احتساب عدالت نمبر ایک کے  جج محمد بشیر خان نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف مبینہ بدعنوانی کے 5 ریفرنسز دوبارہ کھولتے ہوئے پراسیکیوٹر جنرل نیب اور تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے  صدر  کے عہدے سے سبکدوشی کے بعد  استثنیٰ ختم ہوگیا ہے لہٰذا وہ 14 اکتوبر کو عدالت میں بطور ملزم پیش ہوں، عدالت نے ایس جی ایس کوٹیکنا کے ریفرنسز‘ ارسس ٹریکٹر اور پولو گراونڈ سمیت دیگر ریفرنسز کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ ان پانچوں ریفرنسز کو 16 ستمبر 2008ء کو اس وقت زیر التو ڈال دیا گیا تھا جب آصف علی زرداری ملک کے صدر منتخب ہوئے تھے جبکہ ان ریفرنسز میں شریک ملزموں کو عدالت پہلے ہی باعزت بری کر چکی ہے۔

مزیدخبریں