دیپالپور (نامہ نگار)کوئٹہ کے ڈاکٹر عبد المناف کے اغواءکے مقدمہ میں مطلوب ملزم کو دیپالپور سے گرفتار کر لیا گیا، پچیس روز قبل تھانہ کوئٹہ کی حدود سے اغواءہو نے والے ڈاکٹر عبد المناف کے مقدمہ میں مطلوب ملزم یوسف کو اوکاڑہ اور کوئٹہ پولیس نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے تھانہ سٹی دیپالپور کے علاقہ محلہ قاضیاں والا سے گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اغواءکاروں کے زیر استعمال موبائل کی سم جس سے وہ مغوی کے ورثاءسے رابطہ کرتے تھے ملزم یوسف کے نام سے رجسٹرڈ تھی۔ گزشتہ روز کوئٹہ پولیس اور اوکاڑہ پولیس نے ملزم محمد یوسف کو گرفتار کر لیا گیا جسے مقامی علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کر کے تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد کوئٹہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ملزم کی عمر تیس سے پینتیس سال کے درمیان ہے جو تین بچوں کا باپ ہے اور انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہا ہے ملزم دیپالپور بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر کے گھر کا ذاتی ملازم تھا جبکہ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ملزم اس علاقہ میں کسی منفی سرگرمیوں میں ملوث نہیں پایا گیا اور اس کے خلاف کسی تھانہ میں کوئی بھی مقدمہ درج نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں پی ایم اے کے ڈاکٹرز کا چوبیس ویں روز بھی مغوی ڈاکٹر عبدالمناف ترین کی عدم بازیابی کے خلاف بائیکاٹ جاری ہے۔ مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔