واشنگٹن (آن لائن) پاکستان اور امریکہ کے درمیان نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کا معاہدہ طے پا گیا ہے جس سے سستی بجلی کا حصول ممکن ہو سکے گا، نیلم جہلم پن بجلی منصوبہ چار یونٹوں پر مشتمل 978 میگاواٹ کا منصوبہ ہے جس سے سالانہ پانچ ارب پندرہ کروڑ یونٹ سستی بجلی پیدا ہو گی جبکہ وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دیامیر بھاشا ڈیم، داسو اور نیلم جہلم پن بجلی منصوبوں سے ملک میں اقتصادی انقلاب آئے گا، حکومت نے معاشی بہتری کےلئے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ اس منصوبے کی تکمیل کیلئے بین الاقوامی ترقی کیلئے اوپیک فنڈ نیلم جہلم منصوبے کیلئے قرض فراہم کرے گا جبکہ اس حوالے سے واشنگٹن میں وزیر خزانہ اسحق ڈار اور اوپیک فنڈ کے ڈائریکٹر جنرل نے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت سستی بجلی پیدا کرنے کیلئے پن بجلی منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے۔ واشنگٹن میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکی نائب وزیر خارجہ ولیم برنز اور نائب وزیر برائے دہشت گردی اور خزانہ ڈیوڈ چوہن سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے بھاشا ڈیم کیلئے 2 کروڑ ڈالر مختص کرنا خوش آئند ہے۔ اسحاق ڈار نے امریکی حکام کو بتایا کہ رواں سال حکومت ٹیکس آمدنی میں 28 فیصد اضافہ کرے گی۔ دوسری جانب عالمی مالیاتی اداروں کے سالانہ اجلاس کے موقع پر دولت مشترکہ کے وزرائے خزانہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ عا لمی برادری کو چاہئے کہ وہ ترقی پذیر ممالک کیلئے سستی توانائی کا حصول ممکن بنائے تاکہ ترقی کے مقاصد احسن انداز میں حاصل کئے جا سکیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ میلینیم ترقیاتی اہداف 2015ءکے حصول میںکامیابی کیلئے سرمائے کی اشد ضرورت ہے۔ اسحاق ڈار نے جاپان کے تعاون کے بین الاقوامی ادارے جائیکا کے صدر تناکااکی ہیکو سے ملاقات کی، اس دوران جاپان نے کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی اور خصوصاً توانائی کے شعبے میں دوسرے ترقیاتی منصوبوں کیلئے امداد کی فراہمی پر اتفاق کیا۔ دریں اثناءافغان وزیر خزانہ عمر ذخی وال کے ساتھ ملاقات میں سینیٹر اسحاق ڈار نے کابل میں آئندہ ماہ ہونے والے جوائنٹ گروپ کے اجلاس کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے ایرانی ہم منصب علی تائی بنیا سے ایران کے ایٹمی مسئلہ پر عائد بین الاقوامی پابندیوں کے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے مقامی تجارت اور گیس پائپ لائن پر تبادلہ خیال کیا۔ اے پی پی کے مطابق عالمی بنک کی ایم ڈی سے ملاقات کے بعد وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری و ترقی کیلئے کئے گئے حکومتی اقدامات اور اصلاحات سے بین الاقوامی برادری کے پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے بڑے عالمی ادارے ملک کی ترقی کے عمل میں شریک ہونے کیلئے رضامند ہیں۔
سستی بجلی: پاکستان اور امریکہ میں نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ معاہدے پر دستخط‘ بجلی کی قیمتیں معاشی ترقی کیلئے بڑھائیں: اسحاق ڈار
Oct 12, 2013