واشنگٹن (آن لائن) امریکی صدر باراک اوباما نے قرض کی حد میں اضافے کے اختیارات سے متعلق ری پبلکن ارکان کی تجویز مسترد کردی۔ غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطا بق امریکی ایوان نمائند گان میں اپوزیشن جماعت کے ری پبلکن اراکین کے ایک وفد نے وائٹ ہاو¿س میں صدر اوباما سے ملاقات کی، جس میں مالی ادائیگیوں میں نادہندگی سے بچنے کے لئے قرض کی حد کا اختیار بڑھانے کا مجوزہ منصوبہ پیش کیا۔ منصوبے میں 6 ہفتے کے لئے 16.7 ٹریلین ڈالر کے اس قرضے کی حد کے اختیارات بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی ۔ دوسری طرف حکومت اور اپوزیشن میں بجٹ معاملات پر اختلافات برقرار ہیں۔ ریپبلکن جماعت نے صدر اوباما کو قرضوں کی حد میں عارضی طور پر اضافے کی پیشکش کی تھی تاکہ دیوالیہ ہونے سے بچا جا سکے۔ رپبلکن پارٹی کے سپیکر جان بینر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مجوزہ منصوبے کے تحت قرضوں کی حد میں وقتی اضافہ 22 نومبر تک ہو گا۔ وائٹ ہاو¿س کے ترجمان جے کارنے نے مزید کہا ریپبکن کو ایوان میں اپنا کام کرنے کے بدلے میں بھتہ نہیں دیں گے۔