خیبرایجنسی‘ شمالی وزیرستان میں ڈرون حملے‘ 8 افراد ہلاک‘ متعدد زخمی

Oct 12, 2014

خیبر ایجنسی/ شوال/ پشاور  (آئی این پی + اے ایف پی) قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں کا سلسلہ ایک بار پھر تیز ہوگیا، خیبر ایجنسی اور شمالی وزیرستان ایجنسی میں دو امریکی ڈرون حملوں میں 8 افراد ہلاک اور  متعدد زخمی ہو گئے۔  ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی میں وادی تیراہ   اور چنچڑو کنڈاؤ میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں چار مبینہ دہشت گرد مارے گئے۔ نجی ٹی وی  کے مطابق سرکاری ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ہفتے کو افغانستان کے زیرو لائن پر واقع علاقے چنچڑو کنڈاؤ میں امریکی ڈرون طیارے نے دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانوں پر دو میزائل فائر کئے۔ حملے کے نتیجے میں متعدد زخمی ہو گئے۔ چنچڑو کنڈاؤ کا علاقہ افغانستان کی سرحدی حدود میں واقع ہے جبکہ سرکاری ذرائع کے مطابق شام 6 بجے امریکی ڈرون طیاروں نے شمالی وزیرستا ن کے علاقے مارغہ میں  طالبان کمانڈر مصطفی کی گاڑی کو نشانہ بنایا  اور اس پر 2 میزائل داغے جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے۔  حملے کے بعد علاقے  میں ڈرون طیاروں  کی نچلی پروازیں جاری رہیں جس سے علاقے کے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ واضح رہے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران امریکہ کی جانب سے کیا جانے والا یہ  ساتواں  اور رواں سال کے دوران کیا جانے والا 14 واںڈرون حملہ  تھا۔ رواں سال  اب تک 14 ڈرون حملے کئے گئے جن میں 90 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق گذشتہ ماہ وزیرستان میں ہونے والے ڈرون حملے میں کراچی کے دو رہائشی بھی مارے گئے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا مشرف پر حملے میں ملوث عمران عامر اور جمیل میمن وزیرستان ڈرون حملے میں مارے گئے۔ عمران عامر حرکت المجاہدین العالمی کا سربراہ تھا۔

مزیدخبریں