صنعائ(صباح نیوز)یمن کے وسطی صوبہ الجوف میں الحمیدات ڈاریکٹوریٹ کے قریب باغیوں کے ایک فوجی قافلے پر اتحادی فوج کے طیاروں نے بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں دسیوں حوثی باغی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ بمباری سے باغیوں کے زیراستعمال کئی فوجی گاڑیاں بھی تباہ کردی گئی ہیں۔العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اتحادی ممالک کے جنگی طیاروں نے صنعا کے جنوبی علاقے جبل النھدین میں بھی حوثیوں اور علی صالح کی وفادار ملیشیا کے اسلحہ کے گوداموں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں دشمن کے قبضے میں موجود بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود تباہ کردیا گیا۔شمالی صنعا میں عمران گورنری میں حکومت نواز مزاحمتی کارکنوں کے دو الگ الگ حملوں میں کم سے کم 15 باغی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ اتحادی ممالک کے جنگی طیاروں اور مزاحمتی ملیشیا نے صنعا کے قریب جبل النھدین، الحفا اور اس کے مضافات میں باغیوں کے ٹھکانوں پر تازہ حملے کیے ہیں۔ جنگی طیاروں نے جنوبی یمن میں کے شبو شہر میں بیحان کے مقام پر ایک میزائل لانچنگ پیڈ اور کئی فوجی گاڑیاں تباہ کردیں۔تعز شہر میں بھی باغیوں اور حکومت کی وفادار ملیشیا کے درمیان گھمسان کی جنگ کی اطلاعات ہیں۔ البعرارہ اور اس کے اطراف میں لڑائی میں متعدد حوثی ہلاک ہوئے ہیں۔ حوثیوں اور علی صالح کے وفاداروں کی جانب سے شہری آبادی پر گولہ باری کی گئی جس کے نتیجے میں کئی شہری زخمی ہوئے ہیں۔ حکومتی ملیشیا فوج نے البعرارہ اور الزنقل میں متمرکز حوثی باغیوں کو نشانہ بنایا جس کے بعد دشمن کو پسپا ہونا پڑا ہے۔ حکومتی فورسز نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے تبہ قاسم ، شاہراہ الاربعین اور النور شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔النور شہر میں اتحادی ممالک کے طیاروں نے حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کرکے کم سے کم 40 باغیوں کو قتل کردیا ہے۔