اسلام آباد(آن لائن) نیب حکام نے مسلم کمرشل بینک لمیٹڈ کی نجکاری کی تحقیقات کرتے ہوئے بینک کے صدر میاں منشا سے تحریری طور پر پچاس سوالوں کے جوابات طلب کرلیے ہیں۔ گزشتہ ہفتے میاں منشا نے نیب ہیڈکوارٹر میں پیش ہو کر چار گھنٹے تک نیب حکام کے سوالوں کے جوابات دیئے تھے۔ آن لائن کو نیب حکام نے بتایا کہ میاں منشاءسے پچاس سوالوں کے بارے تحریری جوابات طلب کئے گئے ہیں جن میں پوچھا گیا ہے کہ بینک خریدنے کے بعد جو پہلی قسط ادا کی گئی تھی اس کی گارنٹی کہاں سے دی گئی تین قسطیں جو حکومت کو بعد میں ادا کی گئیں، ان کا پیسہ کہاں سے آیا؟ اور اگر قرضہ لیا گیا تھا تو قرضہ کی گارنٹی کیا دی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ نیب نے بینک کے گیارہ ڈائریکٹروں کو بھی سمن جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا ہے، ان میں میاں عبداللہ سفیر ٹیکسٹائل ملز، خواجہ جاوید کوہ نور سپننگ مل، شیخ مختار احمد ابراہیم ٹیکسٹائل ملز، بشیر جان محمد گولڈن زیرو اینڈ بلک سٹوریج لمیٹڈ، ایس ایم سلیم یونیورسل لیدر فٹ ویئر انڈسٹریز، محمد نسیم شفیع ٹیزیز، حسین لوائی صدر سمٹ بنک، ایس ایم منیر دن گروپ، طارق رفیع صادق سنز گروپ اور میاں ارشد ارشد ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ شامل ہیں، نیب نے ان ڈائریکٹرز کو تاکید کی ہے کہ وہ بیک وقت انکوائری ٹیم کے سامنے پیش ہوں۔
نیب/ میاں منشاء