لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) میچ فکسنگ کیس میں پانچ سال کی پابندی کا شکاررہنے والے محمد آصف نے پاکستان ٹیم میں واپسی کی امید ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں واپسی کے لیے ان کی صلاحیتیں اور عزم بلند ہے۔ محمد آصف نے کہا کہ بعض لوگ کہتے ہیں کہ میں اچھا دور گزار چکا لیکن میں ایک دفعہ پھرکھیل کے عروج میں پہنچ سکتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے اپنے خیالات ہیں جسے میں نہیں روک سکتا لیکن میرے خیال میں محمد عامر واپسی کے بعد کرکٹ کھیل رہا ہے اور اکثریت نے اس کوقبول کیا ہے اس لیے اگر میں اور سلمان بٹ پاکستان کے لیے کھیلتے ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔غلطیوں کی وجہ سے اپنے کیریئر کو نقصان پہنچانے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بہت ندامت اور دکھ ہے، جو کچھ ہوچکا ہے اس کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا لیکن اب بھی بہت دکھ ہے۔فاسٹ باؤلر نے کہا کہ میں مستقبل کی جانب دیکھ رہا ہوں، میرا ماننا ہے کہ ابھی اعلیٰ سطح کی کرکٹ کھیلنے کے لیے میرے تین یا چار سال باقی ہیں اس لیے میری پوری توجہ آنے والے مہینوں اور سالوں پر ہے۔محمد آصف نے حال ہی میں ناروے میں کلب کرکٹ کھیلنا شروع کی تھی جہاں انھوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے لیے خوب محنت کی۔آصف کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں واپسی کے لیے ان کے پاس ڈومیسٹک کرکٹ کا بہترین راستہ موجود ہے جہاں اپنی صلاحیتیں منواکر واپس آؤں گا۔