دہشت گردوں کے حمایتیوں کو نہیں چھوڑیں گے، مودی: سرجیکل سٹرائیکس ناکام ڈرامے کے بعد پہلے جلسہ سے خطاب میں ذکر گول

لکھنؤ (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہم دہشت گردوں کوپناہ دینے اور ان کی حمایت کرنے والوں کو اب نہیں چھوڑیںگے، دہشت گردی کی کوئی سرحد نہیں اور اسکے خلاف جنگ متحد ہو کر لڑنی چاہیے، دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کا وقت آگیا ہے۔ وہ منگل کو لکھنؤ کے عیش باغ گرائونڈ میں بی جے پی کے جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت کی دشمن ہے اور اس کے خلاف تمام ممالک کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، اب وقت آگیا ہے کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کریں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کو بھی نہیں بخشا جا سکتا جو دہشت گردی کی حمایت اور اسے پناہ دیتے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کی کوئی سرحد نہیں اور اسے ختم کئے بغیر دنیا میں امن نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے پاکستان کا نام لئے بغیر اس کی طرف اشار ہ کرتے ہوئے ہرزہ سرائی کی کہ ہم دہشتگردوں کو پناہ دینے اور ان کی حمایت کرنے والوں کو نہیں چھوڑیںگے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت جنگ سے امن کے راستے کا خواہاں ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مودی نے نہ تو کشیدگی کے بعد اپنے خطاب میں پاکستان کا نام لیا اور نہ ہی سرجیکل سٹرائیک، اوڑی حملے اور اس پر بھارتی جواب کا کوئی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا دہشت گردوں کے ہاتھوں معصوم لوگوں کو مرتا دیکھ کر بہت دل دکھ رہا تھا، دہشت گرد ی کے خاتمے کے لئے تمام انسانی قوتوں کو اکٹھا ہونا چاہئے، اس کے بغیر بہتر مستقبل کی کوئی امید نہیں۔ واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم مبینہ سرجیکل سٹرائیک کے دعوے کے بعد پہلی مرتبہ عوام میں آئے اور عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ایک بار پھر جھوٹ بولا کہ نریندر مودی حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کے باوجود اسلام آباد کا رویہ مثبت نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کہا کرتے تھے کہ پڑوسیوں کو بدلا نہیں جا سکتا بلکہ ہماری کوشش یہ ہونی چاہئے کہ ان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنایا جائے مگر انکی تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششوں کے جواب میں کارگل کیا گیا۔ ہمارے وزیراعظم نریندر مودی نے بھی ہرممکن کوشش کی۔ پاکستان کے وزیراعظم کو بھی مدعو کیا گیا۔ اس کے بعد کیا ہوا سب کو معلوم ہے۔ ہمارے جوانوں پر بزدلانہ انداز میں دہشت گردوں نے حملہ کیا اور انہیں مارا گیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...