استنبول (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیراعظم کے خصوصی وفد برائے کشمیر نے ترک وزیراعظم بن علی یلدرم سے ملاقات کی۔ وفد نے ترک وزیراعظم کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔ ترک وزیراعظم نے بھارت کے انسانیت سوز رویوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔ ترکی او آئی سی کے پلیٹ فارم سے بھارت پر یقینی دبائو ڈالے گا۔ آزادی اظہار سے کشمیر کے مستقبل کے فیصلے پر زور دیا جائے گا۔ وفد نے بھارتی مظالم کے دستاویزی ڈوزیئر ترک وزیراعظم کے حوالے کئے۔ بن علی یلدرم نے کہا کہ ترک اسمبلی سے بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد آئندہ ماہ منظور کرائی جائے گی۔ ترک صدر نے او آئی سی اجلاس میں کشمیر ایشو کو اٹھانے کے احکامات دیئے ہیں۔ ترکی نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر اپنے روایتی اور مضبوط تعاون کا اعادہ اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں پرامن حل کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے اور کہا ہے کہ ترکی بھارتی مظالم کے باعث مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، پاکستان اور ترکی نے ایک دوسرے کی مختلف مسائل پر ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کی ہے، ترکی کومسئلہ کشمیر کا حل نہ نکلنے پر تشویش ہے، اس سے خطے کے استحکام کو خطرہ لاحق ہے، ترکی کے سپیکر نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے ترکی کی جانب سے تعاون کی یقین دلایا جبکہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم کے خصوصی نمائندے پرویز ملک اور محسن شاہ نواز نے اپنی ملاقاتوں کے دوران پارلیمانی قیادت، میڈیا، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور تھنک ٹینکس کو آگاہ کیا ہے کہ بھارت لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر کے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، نوجوان کشمیر لیڈر برہان وانی کی شہادت سے تحریک آزادی کشمیر میں تیزی آگئی ہے، عالمی برادری اس معاملے میں فوری مداخلت کر کے بھارتی مظالم کو روکنے میں کردار اداکرے، اقوام متحدہ کی زیرنگرانی معاملہ کی شفاف اور آزادانہ تحقیقات کرائی جائے۔ پاکستانی وفد سے ملاقات میں ترک وزیراعظم بن علی بلدرم نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور وہ کشمیر کے مظلوم کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور عالمی برادری سے اس کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
مسئلہ کشمیر: او آئی سی پلیٹ فا رم سے بھارت پر دبائو ڈالیں گے، اسمبلی مذمتی قرارداد منظور کرے گی: ترک وزیراعظم
Oct 12, 2016