لاہور، اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین ؓ کی عظیم قربانی سے روشنی حاصل کر کے شدت پسندی اور بیرونی جارحیت جیسے خطرات سے نمٹ سکتے ہیں، آج پاکستان کے حالات کو دیکھتے ہوئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور یگانگت کی زیادہ ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ہمیں آج اتحاد اور یگانگت کی زیادہ ضرورت ہے تاکہ کوئی دشمن ہماری طرف آنکھ اٹھا کر نہ دیکھ سکے۔ عاشورہ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر نے کہاکہ 10 محرم الحرام کا دن تاریخ اسلام ہی نہیں بلکہ عالمی تاریخ کا اہم دن ہے کیونکہ اس روز نواسہ ٔ رسولؐ اور ان کے خانوادے نے ایک عظیم مقصد کیلئے عظیم قربانی پیش کی۔ ہمیں یہ حقیقت ہمیشہ پیش نظر رکھنی چاہئے کہ اس جدوجہد کا واحد مقصد رضائے الٰہی کا حصول تھا، اس لیے ضروری ہے کہ اپنے مسائل کے حل کیلئے اسوۂ شبیری ؓ سے رہنمائی حاصل کی جائے۔ اس عظیم قربانی کا ایک اور اہم مقصد یہ بھی تھا کہ مسلمانوں کو تقسیم ہونے سے بچا کر متحد کردیا جائے۔ ہم آج بھی اس عظیم قربانی سے روشنی حاصل کر کے شدت پسندی اور بیرونی جارحیت جیسے خطرات سے نمٹ سکتے ہیں۔ ان تمام چیلنجز سے نمٹنے کا واحد طریقہ یہی ہے کہ قوم قرآنی تعلیمات کے مطابق اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لے اور تفرقے میں نہ پڑے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ عاشورہ محرم ہمیں واقعہ کربلا کی یاد دلاتا ہے۔ کربلا میں حق وصداقت کا علم بلند رکھنے کے لئے حضرت امام حسینؓ نے ظلم و جبر کی اطاعت کرنے کی بجائے شہادت کا راستہ اختیار کیا اور دْنیا کو یہ سبق دیا کہ حریت ایک بنیادی حق ہے اور حق کی حفاظت کرنا اپنی جان کی حفاطت کرنے سے زیادہ ضروری ہے۔ آج کے دن ہمیں فروعی، مسلکی، لسانی اور صوبائی اختلافات کو بھلانا ہوگا اور اپنے اندر مساوات، رواداری، نظم و ضبط اور قربانی دینے والے اوصاف کو فروغ دینا ہوگا۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے قوم کو یوم عاشورکے پیغام میں کہا ہے کہ ہم اسوہ شبیری پر عمل کرتے ہوے اپنی صفوں سے باہمی اختلافات تنگ نظری اور فرقہ واریت کو بھلاکر اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے ذریعے اپنی تمام مشکلات پر قابو پاسکتے ہیں۔ یوم عاشورکا معرکہ جو سچائی اورباطل قوتوں کے مابین پیش آیا مسلمانوں کو حق و سچ کے لیے طاعوتی قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہونے کا درس دیتا ہے۔ اسوہ شبیری پر عمل کرتے ہوئے ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر سکتے ہیں۔ شہدائے کربلا کی قربانی قیامت تک آنیوالوں کیلئے مشعل راہ ثابت ہو گی۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جب بھی صبر و ایثار، تسلیم و رضا اور باطل کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کا ذکر آئے گا تو تاریخ انسانیت میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی بے مثال جرأت، بہادری اور لازوال قربانیوں کی گونج سنائی دے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ شہدائے کربلا نے مظلوم انسانیت کو ظالمانہ نظام کے خاتمے اور ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ اور حق نوائی کا بے مثال درس دیا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین ؓ نے انسانیت کی عظمت اور اسلام کی سربلندی کیلئے لازوال قربانی دی اور نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسین ؓ اور ان کے جانثاروں نے ثابت کیا کہ یقین محکم اور مقصد نیک ہو تو راہ حق میں آنے والے مصائب کوئی حیثیت نہیں رکھتے۔ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی میدان کربلا میں دی گئی لازوال قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ نواسہ رسولؐ نے اپنے کردار اور عمل سے حق کی آواز کو بلند کرنا اور انسانی اقدار کا تحفظ سکھایا ہے۔ واقعہ کربلا ہمیں ایثار، قربانی اور صبر وتحمل کا درس دیتا ہے۔ حضرت امام حسین ؓ کی جدوجہد ظلم کیخلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلاکی قربانیوں نے مظلوم انسانیت کو ظالمانہ نظام اورظلم و جبر کیخلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ اور شہدائے کربلا نے عظیم قربانیاں دیکر ہمیں ظلم اور ظالم کیخلاف ڈٹ جانے کا عملی درس دیا ہے۔
واقعہ کربلا سے روشنی لیکر شدت پسندی ،بیرونی جارحیت سے نمٹ سکتے ہیں: صدر`دشمن آنکھ اٹھا کر نہ دیکھ سکے، موجودہ حالات میں اتحاد کی زیادہ ضرورت ہے: نوازشریف
Oct 12, 2016