لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کرپٹ اشرافیہ نے مختلف پارٹیوں کے جھنڈے اٹھاکر ہمیشہ مظلوم عوام کو بے وقوف بنایا، کرپٹ حکمرانوں نے ملک اور قومی اداروں کو تباہ کیا، جمہوریت کا ڈھول بجا کر کرپشن اور کرپٹ عناصر کو تحفظ دینے کی کوشش قبول نہیں۔ ظلم کے نظام کے خلاف جدوجہد کرنا عظیم جہاد ہے جو ہمیشہ جاری رہے گا۔ محرم الحرام قربانی، شہادت، ہجرت اور جہاد کا مہینہ ہے محرم الحرام کا پیغام ہے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ظلم کے نظام کو ختم کریں اور ظالم اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف متحد ہو جائیں۔ کراچی کے مظلوم عوام نے بڑے زخم کھائے ہیں۔ ان کو یرغمال بنایا گیا اور ان کا حق مارا گیا۔ وقت آگیا ہے اب کراچی کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد الہدیٰ نارتھ کراچی میں ایک روزہ تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سجادہ نشین حسنین علی کاظمی اور نارتھ ناظم آباد یوسی 20سے پیپلز پارٹی اور اے این پی سے تعلق رکھنے والوں نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔ سراج الحق نے کہا ماضی میں کراچی کا تشخص خراب اور چہرہ مسخ کیا گیا۔ کراچی اب دوبارہ اپنے ماضی کی حیثیت میں سامنے آئے گا اور انشاء اللہ عالم اسلام کی قیادت کرے گا۔ جماعت اسلامی نے نہ ماضی میں کراچی کے عوام کو تنہا چھوڑا اور نہ آئندہ چھوڑے گی۔ غربت، مہنگائی اور ظلم کے خاتمے کا واحد ذریعے نظام مصطفی کا قیام ہے۔ جماعت اسلامی حقیقی اسلامی اور جمہوری نظام کے قیام کی جدوجہد کررہی ہے۔ عوام اس جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ صباح نیوز کے مطابق سراج الحق جماعت اہلسنت کے سربراہ شاہ تراب الحق کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ گئے اور مرحوم کے صاحبزادے شاہ سراج الحق اور شاہ فرید الحق سے اظہار تعزیت کیا۔ سراج الحق نے معروف عالم دین اور دارالعلوم نعیمیہ کے مہتمم مفتی منیب الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور، ملکی و بین الاقوامی صورتحال، کشمیر کی صورتحال اور امت مسلمہ کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر سراج الحق نے کہا علمائے کرام نے ہمیشہ پاکستان کے اتحاد ویکجہتی اور مذہبی رواداری و ہم آہنگی کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ کراچی میں امن و امان کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مجرموں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرنی چاہئے۔
جمہوریت کا ڈھول بجا کر کرپشن کو تحفظ دینے کی کوشش قبول نہیں: سراج الحق
Oct 12, 2016