لاہور ( کامرس رپورٹر ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے درآمد اور برآمد کنندگان کی سہولت اور ان کی مصنوعات کی فوری الیکٹرانک کلیئرنس کے لئے ویب سائیٹ ’’ڈبلیو ای بی او سی‘‘ (ویبوک) تیار کی ہے، اس کے ذریعے ٹیکس دہندہ اور ٹیکس وصول کرنے والوں کے لئے براہ راست روابط کی ضرورت بھی نہیں رہے گی۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریننگ اینڈ ریسرچ ایف بی آر اور پاکستان فرنیچر کونسل کے تعاون سے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کسٹمز لاہور کی آفیسر مس زینب محمود نے کہا کہ اس ویب سائیٹ (ویبوک) کے ذریعے دنیا کے بہت سے ممالک میں اپنی اشیاء کی کلیئرنس میں مدد ملے گی جو ایک جدید ترین طریقہ کار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے مڈل مین ’’آڑھتی‘‘ کے کردار میں کمی آئے گی اور تاجروں کو سہولیات ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے شفافیت آئے گی اور کرپشن میں کمی آئے گی، اس ویب سائیٹ کی مدد سے تاجروں کو جدید اور بہتر انداز میں تیز رفتار طریقوں سے کاروبار کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہریوں اور تاجروں کی سہولت اور قانونی مدد کے لئے لیگل ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے جو شہریوں کو ضروری معلومات دے سکے۔ فرنیچر کونسل سے تعلق رکھنے والی بڑی کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی تربیتی پروگرام میں حصہ لیا۔