دوشنبے ( آن لائن ) تاجکستان کے حکام نے میں دو اداکاروں کو عارضی طور پر داڑھی رکھنے کے اجازت نامے جاری کیے ہیں۔ملک میں اسلامی شدت پسندی کے خلاف جاری کارروائیوں کے تناظر میں داڑھی رکھنے پر غیر اعلانیہ پابندی ہے اور حال ہی میں دو باریش اداکاروں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق خوشنود دادو اور فرخ ویٹاؤ نامی یہ اداکار تاجکستان کے شہر کونی بودم میں ایک سٹیج ڈرامے میں اداکاری کی غرض سے موجود تھے جب پولیس کی ان پر نظر پڑی اور ان کو مشتبہ سمجھ کر گرفتار کر لیا گیا۔جب انھوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ اداکار ہیں اور انھوں نے اپنے کردار کی مناسبت سے داڑھی رکھی ہوئی ہے تو پولیس کی جانب سے انھوں عوامی مقامات پر داڑھی سمیت گھومنے کا اجازت نامہ جاری کیا گیا۔ اداکار فرخ ویٹاؤ کا کہنا تھا کہ ’اب ہم شہر میں داڑھی سمیت آزادی سے پھر سکتے ہیں۔‘ملک میں مردوں کی داڑھیاں منڈوانہ اس حکومتی مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد ’ تاجک معاشرے سے متضاد رجحانات‘ کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔اس مہم کے تحت ملک کے صرف ایک حصے میں سینکڑوں افراد کو گرفتار اور13ہزار سے زیادہ مردوں کی زبردستی داڑھیاں منڈوائی گئی ہیں۔شروع میں حکام نے اس کی ذمہ داری مقامی پولیس فورسز پر ڈالی تھی لیکن اب وہ اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ اس مہم کا مقصد ملک میں ہمسایہ ملک افغانستان سے انتہا پسندی کے خطرے کو روکنا ہے۔