حافظ آباد+ ونیکے تارڑ (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) آل پنجاب واٹر مینجمنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ضلع بھر کے واٹر مینجمنٹ کے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین نے ہڑتال کی اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت واٹر مینجمنٹ سے لیکر دفتر ڈپٹی کمشنر تک احتجاجی ریلی نکالی‘ قیادت ضلعی صدر محمد عامر شہزاد اور عمران شوکت نے کی۔ اس موقع پر ملازمین نے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے کہا کہ حکومت پنجاب نے انہیں ریگولر کرنے کے وعدے کئے تھے لیکن ان ملازمین کو ریگولر کرنے کی بجائے ملازمتوں سے فارغ کیا جارہا ہے۔ حالانکہ وہ گذشتہ 13برسوں سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ حکومت اب تک واٹر مینجمنٹ کے پانچ سو سے زائد ملازمین کو نکال چکی‘ جو ملازمین انکے خاندانوں کا معاشی قتل ہے۔ اگر نکالے گئے ملازمین کو بحال کرکے مستقل نہ کیا گیا تو پنجاب اسمبلی کا گھیرائو کرتے ہوئے غیرمعینہ مدت تک بھوک ہڑتال کریں گے۔