کراچی (خبر نگار) سندھ ہائی کورٹ میں چھرا مار کی عدم گرفتاری پر غیرسرکاری تنظیم نے درخواست دائر کردی۔ ذرائع کے مطابق غیرسرکاری تنظیم نے چھرا مار کی عدم گرفتاری پر پولیس اورصوبائی حکومت کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ گلستان جوہراورگلشن اقبال میں گزشتہ ماہ سے خواتین پر 13 چھریوں سے حملے ہوئے اور پولیس کی جانب سے ملزم پر 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان نااہلی کا اعتراف ہے۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ رینجرز اور ایف آئی اے کو چھرا مار کی گرفتاری کا ٹاسک دیا جائے جب کہ وفاقی وزارتِ داخلہ کو معاملے میں مداخلت اور ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا جائے۔ واضح رہے کہ 25 ستمبر سے 5 اکتوبر کے درمیان ملزم کے حملوں کی زد میں آکر 13 خواتین زخمی ہوچکی ہیں جب کہ پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری پر رکھی گئی انعامی رقم میں بھی 100 فیصد اضافہ کرکے اسے 10 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔