اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان نے عالمی عدالت کو مطلع کر دیا ہے کہ بھارتی دہشت گرد کلبھوشن یادیو کے مقدمہ میں جسٹس تصدق حسین جیلانی عالمی عدالت کیلئے پاکستان کی طرف سے ایڈہاک جج ہوں گے۔ دفتر خارجہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ جسٹس جیلانی اکتیس جولائی دو ہزار چار سے گیارہ دسمبردو ہزار تیرہ تک سپریم کورٹ کے جج اور پانچ جولائی دو ہزار چودہ تک چیف جسٹس آف پاکستان رہے۔ عالمی عدالت انصاف کے طریقہ کار کے مطابق اگر کسی فریق ملک سے تعلق رکھنے والا کوئی جج عالمی عدالت انصاف میں نہ ہو تو وہ ایک ایڈہاک جج مقرر کرسکتا ہے۔ آجکل چونکہ پاکستانی قومیت کا کوئی جج وہاں کام نہیں کر رہا تھا جبکہ بھارت سے تعلق رکھنے والے بھنڈاری کام کر رہے تھے تو پاکستان نے اپنا حق استعمال کرتے ہوئے جسٹس جیلانی کو ایڈہاک جج نامزد کیا ہے۔ عالمی عدالت انصاف کے ایڈہاک جج کو عدالت میں اتنی ہی اتھارٹی ہوتی ہے جتنی کسی جج کو ہوتی ہے۔ اگلے مرحلہ میں اب عالمی عدالت انصاف اس نامزدگی پر بھارت کو مطلع کرے گی۔