نوشہرہ (صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف دکھاوے اور مُک مُکا کی سیاست کرتی ہیں ، ہمیں پاکستان اور پختونوں کی قدر کرنی چاہیے، جو اپنے آبائی علاقے کو نہیں بنا پائے وہ نیا پاکستان کیا بنائیں گے۔ انہوں نے تو خیبر بنک تک کو نہیں چھوڑا پاکستان کو خطرہ ہے، ہم ہر مشکل اور مصیبت کو ٹھیک کریں گے عوام کیساتھ ملکر خیبر پی کے کو بھی خوشحال کریں گے، پختون اپنے آپ کو پاکستان سے جوڑ کر رکھیں۔ نوشہرہ میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کے دوران آصف زرداری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف دکھاوے اور مُک مُکا کی سیاست کرتے ہیں، چند روز قبل خیبر پی کے میں سینٹ کے انتخابات ہوئے جس میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) نے اکٹھے ووٹ دئیے تھے۔ وہ آج نوشہرہ میں ہیں جو کہ وزیر اعلی خیبر پی کے کا آبائی علاقہ ہے، وہ پرویز خٹک کو اچھی طرح جانتے ہیں کبھی وہ میرے دفتر میں بیٹھے رہتے تھے، جو اپنے آبائی علاقے کو نہیں بنا پائے وہ نیا پاکستان کیا بنائیں گے۔ زرداری نے مزید کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں اسلام فقیروں اور درویشوں کی وجہ سے پھیلا، وہ خود بھی صوفیائے کرام کی دھرتی سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہم نے پختونوں کو شناخت اسلئے دی کہ بھارت خیبر پی کے میں نہ گھسے اور پختون اپنی شناخت پاکستان کے ساتھ رکھیں، ہم سب کیساتھ ملکر مشکلات کا سامنا کریں گے۔ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، بھارت میں لوگ بی جے پی کے خوف سے ووٹ دیتے ہیں، ہم نے پہلے کانگریس کوہرایا تھا آج بی جے پی کو ہرانا ہے۔ زرداری نے کہا کہ موجودہ حکومت میں اتنی لوڈشیڈنگ اور ہر قسم کا فراڈ ہے، جن کو ہم نے نوکریاں دیں، ان لوگوں نے انہیں نکالا، یہ لوگ ہر قسم کا سیاسی انتقام لیتے ہیں۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ میں نے پختونوں کو شناخت آج کے لیے نہیں دی، اس دن کیلئے دی کہ کہیں ہمارا دشمن بھارت پی کے میں نہ گھسے۔۔آنے والا دور پی پی پی ہے۔ 2018ءکے انتخابات میں انشاءاللہ مرکز اور صوبوں میں حکومت بناکر دکھائیں گے۔ آج پشاور کی معیشت کہاں ہے‘ یہاں پر معاشی ترقی کہاں گئی۔
زرداری