جہلم(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر جہلم اقبال حسین خان نے محکمہ داخلہ ، پنجاب کی طر ف سے پور ے صوبہ میں ریلیوں، جلوسوں، اور دھرنوں پر دو ماہ کیلئے عائد پابندی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ اس ضمن میں انہوںنے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم عبدالغفار قیصرانی اور تما م تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر ز کو ضروری ہدایات جاری کردی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم اقبال حسین خان نے کہاکہ محکمہ داخلہ کے احکامات کے مطابق صرف محفوظ چاردیواری میں کسی بھی قسم کے اجتماع کی اجازت دینے کی گنجائش ہے اور اس کے لئے بھی متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی اجازت ضروری ہے۔محکمہ داخلہ ، پنجاب نے مذکور ہ پابندی 10اکتوبر کو دو ماہ کیلئے عائد کی ہے۔ دفتر ڈپٹی کمشنر، جہلم کی طرف سے جاری مراسلہ کے مطابق ریلیاں، اجتماعات، دھرنے اور جلسے جلوس دہشت گردوں کو آسان ٹارگٹ فراہم کر سکے ہیں اور مذکورہ پابندی وسیع تر مفاد عامہ میں لگائی گئی ہے۔ خلاف ورزی پر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوںنے کہاکہ مذکورہ پابندی کی خلاف ورزی کسی بھی صورت میں نہیں برداشت کی جائیگی۔