اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قوم سرسبز اور صاف پاکستان مہم کی کامیابی کے لئے بھر پورتعاون کرے، صفائی اور پاکیزگی سے ہم خود اور معاشرہ بھی صحت مند رہے گا، کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے لئے مربوط نظام اپنایا جائے، پلاسٹک کی بنی اشیاءسے اجتناب کیا جائے۔ وہ ”کلین اینڈ گرین پاکستان مہم“ کے حوالے سے ویڈیو پیغام میںگفتگو کررہے تھے۔ علاوہ ازیں صدر عارف علوی نے سیاسی رہنماﺅں اور وزراءاعلیٰ کو خط لکھا ہے کہ کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبے میں سیاسی قائدین کردار ادا کریں۔ عوام میں آگاہی کیلئے سیاسی رہنماﺅں اور وزراءاعلیٰ کا کلیدی کردار ہے۔ پاکستان کو ماحولیات جیسے سنجیدہ مسائل کا سامنا ہے۔ مزید براں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان مصر اور آذر بائیجان کےساتھ اپنے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے اور سیاسی ، اقتصادی وتجارتی تعلقات سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ روابط بڑھانے کا خواہاں ہے،صدر مملکت نے یہ بات جمعرات کو پاکستان میں مصر کے سفیر احمد فضل یعقوب سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ سفیر نے مصر کے صدر عبدالفتح السیسی کی طرف سے ڈاکٹر عارف علوی کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پہنچائی۔دریں اثناءصدرمملکت سے آذر بائیجان کے سفیر علی فکرت اولو علی زادہ نے بھی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ سفیر نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی طرف سے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد کا خط پہنچایا۔
صدر علوی
”کلین اینڈ گرین“ پاکستان منصوبہ کیلئے کردار ادا کریں‘ صدر کا سیاسی قائدین‘ وزرائے اعلیٰ کو خط
Oct 12, 2018