واشنگٹن (صباح نیوز) امریکی صدر ٹرمپ نے روس اور بھارت کے میزائل معاہدے پر پہلی دفعہ رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو روس سے خطیرلاگت کی میزائل دفاعی نظام کی ڈیل کرنے پر جلد پتہ لگ جائےگا۔ بھارت نے امریکی دباﺅ کے باوجود روس کے ساتھ پانچ بلین ڈالر مالیت کے ایس 400 طرز کے ایئرڈیفنس میزائل نظام خریدنے کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ واشنگٹن کے اوول آفس میں صحافیوں کے روس بھارت ڈیل پر امریکی ردعمل سے متعلق سوال پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے فیصلے کا جلد اعلان کریں گے، جس پر ایک صحافی نے صدر کے فیصلے کے وقت کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ آپ کی سوچ سے بھی جلدی۔ واضح رہے امریکہ نے بھارت کو خبردار کیا تھا کہ جو ممالک بھی روس کے ساتھ دفاع اور انٹیلیجنس کے شعبوں میں تجارت کریں گے، وہ امریکی قانون کے تحت واشنگٹن کی طرف سے پابندیوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔ دہلی میں امریکی سفارتخانے کے ترجمان نے بتایا کہ ”کاٹسا“ پابندیاں روس کیلئے ہیں۔ اتحادیوں کی فوجی صلاحیت متاثر نہیں ہوگی۔ امریکی وزیر خارجہ پومپیو اور وزیر دفاع پہلے ہی بھارت کو استثنیٰ دینے پر بحث کرچکے ہیں۔
ٹرمپ