موسم تبدیل ہوتے ہی جڑواں شہروں میں لنڈے بازار کی دکانیں سج گئی

اسلام آباد(جنرل رپورٹر)موسم تبدیل ہوتے ہی جڑواں شہروں کے مختلف مقامات پر لنڈے بازار کی دکانیں سج گئی ہیں جہاں خواتین بچوں اور مردوں کے کپڑوں سمیت جوتے، جرابیں، کمبل، پردے اور دیگر گھریلو استعمال کی اشیاء فروخت ہو رہی ہیں،حالیہ بارش کے بعد جڑواں شہروں اور ملحقہ علاقوں میں شام کو موسم سرد ہو جاتا ہے متوسط طبقہ افراد نے موسمی اثرات سے بچنے کیلئے قبل ازوقت تیاریاں شروع کر دی ہیں دکانداروں کا کہنا ہے کہ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد لنڈے بازار کی اشیاء کو اپنے لئے بڑی غنیمت سمجھتے ہیں جن میں بعض اشیاء مارکیٹ سے بھی بہتر معیار کی ہوتی ہیں جو کم قیمت پر فروخت کی جاتی ہیں اور ہر سال کی طرح اس سال بھی ہم اپنا ہدف با آسانی حاصل کر لیں گے کیونکہ ابھی سے شہریوں نے گرم کپڑے اور جوتے خریدنے شروع کر دئیے ہیں ۔ خریداروں کے مطابق محدود گھریلو بجٹ ہونے کے باعث وہ بازار سے مہنگے کپڑے نہیں خرید سکتے لہذا یہاں آکر نسبتاً کم قیمت کے سویٹر، شالیں ،جرابیں اور دیگر استعمال کی اشیاء مل جاتی ہیں جو بعض اوقات مہنگی دکانوں سے بھی ایسی اشیاء نہیں ملتیں،جبکہ کچھ خریداروں کا کہنا تھا کہ اب بس نام کا ہی لنڈا رہ گیا ہے کیونکہ یہاں پر ہر چیز مہنگی ہے اور اگر ہم نے مہنگی ہی چیز لینی ہے تو وہ کسی برانڈڈ دکا ن سے کیوں نہ لیں لے ،اس صورتحال کے پیش نظر اکثر خریداروں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ بالخصوص لنڈے بازار کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور اچھی کوالٹی کی اشیاء کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کو یقین بنایا جائے ۔

ای پیپر دی نیشن