وزیراعظم عمران خان نے وزارت خزانہ کو بیرونی قرضوں سے متعلق تفصیلی تجزیاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ان قرضوں کی رقوم کے استعمال سے متعلق حقائق معلوم ہوسکیں۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ۔انہوں نے ملک کے بیرونی قرضوں میں خطرناک حدتک اضافے پر گہری تشویش ظاہرکی جوگزشتہ دس سال میں چھ کھرب سے بڑھ کرتیس کھرب روپے تک پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو یہ مکمل حق حاصل ہے کہ وہ اتنی بڑی قرضہ جاتی رقوم کے استعمال اورملک کے لئے اس کے نفع بخش ہونے سے متعلق معلومات حاصل کرسکیں۔
انہوں نے کہاکہ وزارت خزانہ کی تفصیلی رپورٹ سے قرضوں اورقومی معیشت پرا ن کے اثرات سے متعلق سمجھ بوجھ میں بھی مددملے گی۔
نیاپاکستان ہائوسنگ پروگرام کے آغاز کاحوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ منصوبے کا تمام ترانتظامی ڈھانچہ ترجیحی بنیادوں پرمکمل کیاجائے گا۔
انہوں نے کہاکہ منصوبے سے نہ صرف اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی بلکہ اس سے نئے کاروباری اورصنعتی یونٹوں کے قیام، پیشہ وارانہ مہارت میں اضافے اور ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔