سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ ہر دور میں جمہوریت کے استحکام کے لئے وکلاءکا کردار اہم رہا ہے۔ احتساب عدالت میں العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں پیشی کے وقت مسلم لیگ (ن)لائرز ونگ کے رہنما بھی سابق وزیراعظم سے اظہار یکجہتی کے لئے پہنچے، جہاں قائد مسلم لیگ (ن)نے ان سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر دور میں جمہوریت کے استحکام کے لئے وکلا ءکا کردار اہم رہا ہے۔احتساب عدالت میں آمد پر نوازشریف نے لیگی رہنما سردار اورنگزیب نلوٹھا سے گفتگو کے دوران سوال کیا کہ ہزارہ موٹر وے کا کیا بنا ؟ جس پر لیگی رہنما نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہزار ہ موٹر وے بن گئی ہے اور اب لوگ اس کے ذریعے صرف 22 منٹ میں ہزارہ پہنچ جاتے ہیں۔اس موقع پر صحافی نے12اکتوبر 1999 میں سابق وزیراعظم کی حکومت کا تختہ الٹنے سے متعلق سوال کیا تو نواز شریف نے کوئی جواب نہ دیا اور خاموشی اختیار کی۔واضح رہے کہ بارہ اکتوبر 1999 کے مارشل لا کو آج 19سال مکمل ہوگئے،19 سال پہلے پرویز مشرف کے طیارے کے مبینہ اغوا کی کوشش کو جواز بنا کر منتخب حکومت کا خاتمہ کیا گیا۔12 اکتوبر پاکستان کی جمہوری تاریخ کا تاریک دن، جب 1999 کو اس وقت کے آرمی چیف جنرل پرویز مشرف نے منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کیا، معاملہ سپریم کورٹ پہنچا تو عدالت نے فوجی اقدام کی توثیق کرکے انتخابات اور اصلاحات کیلئے تین سال کا وقت دیا تاہم وہ تقریبا 10 سال برسر اقتدار رہے۔
ہر دور میں جمہوریت کے استحکام کے لئے وکلاءکا کردار اہم رہا ہے:نواز شریف
Oct 12, 2018 | 12:57