لاہور (کامرس رپورٹر)پاکستان کا تجارتی خسارہ 35 فیصد کم ہو گیا ہے روپے کی قدر میں رکارڈ کمی کے باوجود برآمدات میں صرف 2.7 فیصد اضافہ ہوا تاہم درآمدات میں ساڑھے بیس فیصد کمی نے تجارتی خسارہ کم کر دیا ہے۔پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران اشیا کی بیرونی تجارت میں پاکستان کو 5 ارب 72 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا تجارتی خسارہ ہواجو گزشتہ سال سے 3 ارب 6 کروڑ ڈالر کم ہے۔ تین ماہ کے دوران ملکی برآمدات کا حجم 5 ارب 52 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال اس عرصے سے 14 کروڑ 80 لاکھ ڈالر زیادہ ہے جبکہ درآمدات پر 11 ارب 24 کروڑ 90 لاکھ ڈالر خرچ ہوئے جو پہلے سے 2 ارب 92 کروڑ ڈالر کم ہیں۔رپورٹ کے مطابق ستمبر کی برآمدات اگست کے مقابلے میں 5 فیصد کم اور درآمدات 1.4 فیصد زیادہ رہیںجس کے باعث ستمبر کا تجارتی خسارہ اگست سے 8 فیصد زیادہ رہا تاہم تین ماہ کے مجموعی تجارتی خسارے میں کمی رکارڈ کی گئی ماہرین کے مطابق درآمدی بل میں کمی بنیادی طور پر ادھار تیل ملنے اور مشنری اور گاڑیوں کی درآمد میں کمی کی وجہ سے ہو رہی ہے۔