اسلام آباد (وقائع نگار) انسداد الیکٹرانک کرائم کی عدالت نے سابق منگیتر کی برہنہ تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والے ملزم سجاد کو سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مجموعی طور پر 8 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے ۔ انسداد الیکٹرانک کرائم کی عدالت کے جج طاہر محمود نے خاتون سمیرا بی بی کی جانب سے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں درج کرائے گئے مقدمہ کا فیصلہ سنادیا۔ دوران سماعت متاثرہ لڑکی، تفتیشی افسر اور ایف آئی اے کے فرانزک ایکسپرٹ سمیت دیگر گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔ متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ اس کی دو سال قبل ملزم سجاد سے منگنی ہوئی جو منگیتر کی کریمنل ہسٹری معلوم ہونے پر ٹوٹ گئی۔ ملزم نے گھر بلا کر زبردستی کی اور برہنہ تصاویر بنا کر بلیک میل کیا اور جان سے مارنے سمیت غیر اخلاقی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں دیں۔ جب شادی ہوئی تو سابق منگیتر نے غیر اخلاقی تصاویر فیس بک اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کیں اور شوہر سمیت رشتہ داروں کو بھی بھجوا دیں جس سے شادی ٹوٹ گئی ۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو آٹھ سال قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ۔
سوشل میڈیا پرخواتین کوہراساں کرنیوالے ملزم سجادکو8سال قید،5لاکھ جرمانہ
Oct 12, 2019