لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) 33ویں نیشنل گیمز کی مشعل حوالگی کی تقریب واپڈا ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے سیکرٹری جنرل خالد محمود نے مشعل چیئرمین واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے پیٹرن انچیف لیفٹیننٹ جنرل(ر) مزمل حسین کے حوالے کی۔ نیشنل گیمز کی مشعل پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میں واپڈا کی خدمات کے اعتراف میں دی گئی۔ تقریب میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے عہدیداروں کے علاوہ کھلاڑیوں نے شرکت کی۔چیئرمین واپڈا نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، اس سے وابستہ کھیلوں کی تنظیموں اور اداروں کی محنت اور کوشش کی بدولت پشاور میں نیشنل گیمز کامیابی سے منعقد ہوں گی۔ واپڈا سپورٹس بورڈ کے مختلف یونٹوں میں 2ہزار 200سے زائد کھلاڑیوں او رکوچز کو ملازمت حاصل ہے۔ مختلف کھیلوں میں 66ٹیمیں ہیں، جن میں مردوں کی 37جبکہ خواتین کی 29ٹیمیں شامل ہیں۔ 30ٹیمیں نیشنل چیمپین جبکہ 22 رنرز اپ ہیں۔واپڈا نے کھیلوں کے معیار کو بہتربنانے اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہود کیلئے چار سکیمیں بھی متعارف کرائی ہیں جن میں واپڈا سپورٹس انڈاؤمنٹ فنڈ، واپڈا اتھلیٹکس کولٹس، فوکس آن فٹنس اینڈ فیلڈنگ اور ٹی12کرکٹ شامل ہیں۔