لاہور میں مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں آزادی مارچ سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف کے خط کے مندرجات مولانا فضل الرحمان سے شیئر کیے جائیں گے۔
نواز شریف کا خط لے کر مسلم لیگ ن کا وفد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے خط میں پارٹی کیلئے مکمل گائیڈ لائنز لکھی ہیں، حکومت سے نجات کیلئے بھرپور مہم چلانے کا کہا ہے۔ احسن اقبال نے بتایا کہ اجلاس میں شہباز شریف نے میاں نواز شریف کے خط کے مندرجات پڑھ کر سنائے،خط میں کہا گیا ہے کہ پارٹی وفد فوری طور پر مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے جس کے بعد اب ایک پارٹی وفد فوری طور پر مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ملکی معاشی صورتحال کا بیڑہ غرق کردیا، آج بدقسمتی سے پاکستانی کی معیشت ایک خیراتی معیشت بنا دی گئی ہے، ڈینگی کے خاتمے کیلئے جو شہباز شریف کا ماڈل تھا وہ ختم کر دیا گیا۔ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ کنٹرول لائن پر گولیاں چل رہی ہیں لیکن وزیراعظم سعودی عرب اور ایران کی صلح کروانے جا رہے ہیں۔احسن اقبال نے بتایا کہ نواز شریف نے حکومت سے نجات حاصل کرنے کیلئے لائحہ عمل طے کرنے کا کہا ہے، کل پارٹی کا ایک وفد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے جائے گا۔انہوں نے پارٹی قیادت میں ,ختلافات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکن اور قائدین سب کو نواز شریف کی ذات پر مکمل اعتماد ہے، آزادی مارچ کی قیادت مولانا فضل الرحمان نے کرنی ہے، مسلم لیگ ن سمیت دیگر تمام جماعتیں اپنے اپنے پروگرام کے مطابق شرکت کریں گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ آزادی مارچ میں شرکت کے حوالے سے قائد میاں نواز شریف کی ہدایت پر من و عن عمل کریں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ شہباز شریف پارٹی کے صدر ہیں اور وہ اپنی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں، نواز شریف کے نظریہ اور قیادت پر کارکن اور عہدیدار مکمل اعتماد رکھتے ہیں، نواز شریف نے پارٹی کو ڈرائنگ روم سے نکال کر عوام کی پارٹی بنایا، پارٹی میں مختلف رائے ضرور ہوتی ہے لیکن افواہ سازی کی فیکٹریاں بند ہونی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو کمر کی تکلیف کا پرانا مسئلہ ہے، بیماری کو متنازع بنایا جاتا ہے جو لمحہ فکریہ ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی مشاورت سے آزادی مارچ کا حتمی پروگرام تشکیل دیا جائے گا، نواز شریف کے خط کے مطابق ان کے حکم پر پارٹی 100 فیصد عمل درآمد کرے گی، آزادی مارچ میں پارٹی کی سربراہی کا کوئی جھگڑا نہیں ہے۔ن لیگی رہنما نے مزید کہا پاکستان کے عوام کی مشکلات بڑھ رہی ہیں، ملک میں بے روگاری، غربت، لا قانونیت بڑھ رہی ہے، یہ وہ پاکستان نہیں جس کی بنیاد ہم رکھ کر گئے تھے، پورے ملک میں ڈینگی کی وبا پھیل گئی ہے، شہباز شریف نے ڈینگی کا خاتمہ کیا تھا۔
صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سینئر قیادت کا اجلاس جاری۔۔۔ pic.twitter.com/gQVPQAsZu6
— PML(N) (@pmln_org) October 12, 2019