26 اکتوبرکو بتاؤں گا فضل الرحمان کس ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں،مزید2گرفتاریاں ہونے والی ہیں، ان میں سے ایک بندہ مولانا فضل الرحمن کا ہے: شیخ رشید

Oct 12, 2019 | 20:09

ویب ڈیسک

شیخ رشید نے کہا ہے کہ مولانا کے آگے کنواں، پیچھے کھائی ہے، شہباز شریف اور فضل الرحمن میں ابھی کسی بات پر اتفاق نہیں ہوا، نواز شریف کو بہتر رابطوں کیلئے نیب شفٹ کیا گیا، اکتوبر، نومبر اور دسمبر اہم ہیں۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا26 اکتوبرکو بتاؤں گا فضل الرحمان کس ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، انتخاب کی باتیں کرنیوالوں کی چیخیں سنائی دیں گی، نواز شریف کو پھنسوانے میں مریم نواز کا کلیدی کردار ہے، اب حسین نواز دیکھتے ہیں کیا کرتے ہیں،6 آدمی عمران خان سے این آر او مانگ رہے ہیں،6 میں سے 4 گرفتار ہیں، 2 مزید ہونے والے ہیں، ان 2 بندوں میں سے ایک بندہ مولانا فضل الرحمن کا ہے، عمران خان نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچالیا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا عمران خان نے مودی کو بند گلی میں دکھیل دیا ہے، چین نے برملا کہا مسئلہ کشمیر یو این قراردادوں پر حل ہونا چاہیئے، پاکستان جنگ نہیں چاہتا اگر ہوئی تو آخری ہوگی، پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اٹھے گا تو لوگ باہر نکلیں گے، مودی کی جان نہ اب چھٹ سکتی ہے نہ بچ سکتی ہے۔

 وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ فریٹ ٹرین کو 80 کے بجائے 40 گھنٹے میں تبدیل کیا، پاکستان واحد ملک ہے جس نے پسنجر میں 10 ارب زیادہ کمائے۔ اس سال میں ہم نے 3 ماہ میں ٹارگٹ سے آدھا ملین زیادہ کمایا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 5 کے بجائے 3 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کردیں گے، وزیر اعظم سے درخواست ہے وہ ننکانہ صاحب اسٹیشن کا افتتاح کریں۔ جو افسر یا ملازم 8 بجے ڈیوٹی پر نہیں پہنچے گا اس کی غیر حاضری لگے گی۔ ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم لگا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جناح ایکسپریس کے ساتھ اکانومی کلاس کے ڈبے لگا رہے ہیں، آرمی چیف کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، ٹینڈر کھلنے جا رہے ہیں۔ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہے۔ سنہ 1861 کی پٹڑی برطانیہ نے ڈالی تھی اب پہلی دفعہ کام ہونے جا رہا ہے۔ ایک ہزار دکانیں ریلوے اسٹیشنوں پر بنانے جا رہے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سابق حکمران مہنگائی حق مہر میں چھوڑ گئے، عمران خان نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے اور روپے کی قدر کو استحکام دیا ہے۔ عمران خان نے مودی کو پھنسا دیا، اب مودی کی نہ جان چھوٹ سکتی ہے نہ بچ سکتی ہے، پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر جنگ ہوئی تو آخری ہوگی، دنیا کو سمجھ ہونی چاہیے ہمارے پاس گنوانے کو کچھ نہیں لیکن بھارت کے پاس کھونے کو بہت کچھ ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، مقبوضہ وادی میں کرفیو اٹھے گا تو کشمیری جان ہتھیلی پر رکھ کر نکلیں گے، عمران خان نے جس طرح چین میں کشمیر کا مقدمہ لڑا کسی نے نہیں لڑا، چین نے برملا کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے.
 
 

مزیدخبریں