اسلام آباد (نیوز رپورٹر/ نوائے وقت رپورٹ) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین رحمان ملک نے کہا ہے کہ بھارت کے 44 بنک منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔ پاکستان کی صرف ایک مشتبہ ٹرانزیکشن کے باعث اسے گرے لسٹ میں ڈال دیا گیا۔ کیا ایف اے ٹی ایف کو یہ نظر نہیں آ رہا۔ ایف اے ٹی ایف فوری طور پر بھارت کو گرے لسٹ میں ڈالے۔ اتوار کو شام اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے رحمان ملک نے مزید کہا کہ بھارت داعش کا گڑھ بن گیا ہے اور آر ایس ایس کیساتھ ملکر کام کر رہی ہے۔ دونوں کے گٹھ جوڑ نے جنوبی ایشیاء کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ کسی بھی جمہوری ملک میں احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ احتجاج کرنے والوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرے۔ انہوں نے کہا بھارت کیخلاف اقدامات لینے کیلئے ایف اے ٹی ایف کے صدر کو دو خطوط لکھ چکا ہوں۔ ایف اے ٹی ایف کا سلوک پاکستان کیساتھ امتیازی ہے۔ انہوں نے کہا بھارت منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ میں ریاستی سطح پر ملوث ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ 2015 سے کہہ رہا ہوں کہ بھارت داعش کی مالی اعانت کر رہا ہے۔ آر ایس ایس والے را کے ذریعے داعش کے دھشتگردوں کو تربیت دے رہے ہیں۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ بھارت کا مقصد داعش کو پاکستان و دیگر ہمسایہ مملک کیخلاف استعمال کرکے غیرمستحکم کرنا ہے، بھارت کی ایجنسی را داعش کے ذریعے افغانستان امن عمل کو برباد کر رہی ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا افغانستان امن عمل میں سب سے اہم کردار رہا ہے ۔ انہوں نے کہا وقت کی ضرورت ہے کہ ہم بحیثیت قوم ہر اختلاف کو بالائے تاک رکھ کر پاکستان کی سلامتی کیلئے یکجا ہوجائیں۔ سینیٹر رحمان ملک نے انکشاف کیا کہ2014 میں ہندوستانی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول داعش کے سربراہ سے ملاقات کرنے عراق گئے تھے اجیت ڈوول کا مقصد داعش و آر ایس ایس کے دہشت گردی کے نیٹ ورک کو مضبوط بنانا تھا۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا میں نے اپنی تین کتابوں و مضامین میں داعش، را اور آر ایس ایس کے گٹھ جوڑ کا تفصیلی جائزہ دیا ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہندوستان داعش کو پاکستان، چین اور دیگر ممالک کے خلاف استعمال کرنے کیلئے موزوں سمجھتا ہے۔ امریکی جریدے فارن پالیسی نے ہندوستان کو داعش کو نیا چہرہ قرار دیکر میری پیشنگوئی کی تصدیق کردی ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی اپنی رپورٹ میں داعش کے بھارت میں پھیلائو کو تشویشناک قرار دیا ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا اقوام متحدہ نے متنبہ کیا ہے کہ ہندوستان کی دو ریاستوں کیرالہ اور کرناٹک میں داعش دہشت گردوں کی ایک قابل ذکر تعداد موجود ہے۔ اقوام متحدہ نے رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ برصغیر پاک و ہند میں القائدہ حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہندوستان کا پاکستان میں داعش کے ذریعے پراکسی جنگ جاری رکھنے کا خفیہ منصوبہ ہے۔ بھارت بلوچستان، کے پی کے اور دیگر حصوں میں داعش اور را کے ذریعے دھشتگردی کے واقعات میں ملوث ہے۔ بھارت کا مقصد چار اہداف کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔ بھارت اپنے ایجنٹوں کے ذریعے پراکسی وار اور داعش کی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرناچاہتا ہے۔ بھارتی میڈیا اور دوسرے ہم خیال میڈیا ہائوسز میں پروپیگنڈا کے ذریعے پاک فوج کو کمزور کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ آنے والے مہینوں میں پاکستان کے سیاسی طبقے کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیاں کر کے پاکستان میں امن کو سبوتاژ کرناہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ایف اے ٹی ایف اور دیگر بین الاقوامی فورم کے ذریعہ پاکستان کو دبائو میں رکھنامقصد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جمہوری ملک میں احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ احتجاج کرنے والوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرے، سینیٹر رحمان ملک نے مطالبہ کیا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے ایجنڈے میں مہنگائی بھی شامل کریں۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا مجھے کئی سرکاری ملازمین نے بتایا کہ وہ اپنے بچوں کو صرف دو وقت کا کھانا کھلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا موجودہ فرقہ ورانہ اختلافات کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ بھارت سمجھتا ہے کہ پاکستان کو فرقہ ورانہ اختلافات کے ذریعے کمزور کیا جا سکتا ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہم شیعہ سنی سب پاکستانی بھائی ہیں اور ایک دوسرے سے پیار و محبت کرتے ہیں۔ سینیٹر رحمان ملک نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں فرقہ واریت کو ہوا دی جائیگی۔ ہمیں دشمن کی چالوں سے واقف ہونا چاہئے تاکہ دشمن اپنی ناپاک عزائم میں ناکام ہو۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا حکومت انا کو ختم کرے ملک کے مفاد کیں اپوزیشن کیساتھ ملکر معاملات کا حل نکالے اور دشمن کو ہمارے اندرونی اختلافات سے فائدہ اٹھانے نہ دے۔