دشمن پاکستان پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرناچاہتے ہیں، مذموم عزائم ناکام بنائیں گے:عثمان بزدار

Oct 12, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا سے بچنے کے لیے احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا۔ شہری عوامی مقامات پر ماسک پہننے اور سماجی فاصلے برقرار رکھنے کی پابندی پر عمل کریں۔ احتیاط نہ کی تو کرونا جاتے جاتے پلٹ سکتا ہے۔ تعلیمی اداروں، دفاتر اور ہجوم والے مقامات پر انسداد کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 11185 کرونا تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے۔ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا کے 5 مریض جاں بحق ہوئے۔203 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔100687  کرونا مریضوں میں سے 96561 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کراچی میں فائرنگ سے معروف عالم دین مولانا ڈاکٹر عادل خان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور ورثاء سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ قوم کی تائید وحمایت سے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائیں گے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اور ڈیرہ غازی خان ایوان صنعت و تجارت کے نومنتخب صدر خواجہ جلال الدین رومی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب میں صنعت وتجارت کے فروغ اور روزگار کے بہترین مواقع پیدا کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 13سپیشل اکنامک زون بننے سے صنعتی انقلاب آئے گا۔ جنوبی پنجاب میں خصوصی طورپر صنعت و تجارت کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ پسماندہ علاقوں میں صنعت و تجارت کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے۔ تاجر اور صنعتکار برادری کیلئے بزنس فرینڈلی ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ مظفر گڑھ میں ملکی تاریخ کاسب سے بڑا انڈسٹریل زون بنا نے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔اس صنعتی زون کے قیام سے علاقے کی معاشی تقدیر بدل دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی عمارت کے لئے اراضی فراہم کی جائے گی اور ڈیرہ غازی خان میں پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔ سمال اینڈ میڈیم انڈسٹریز کے ذریعے پسماندہ علاقوں کو ترقی دیں گے۔ خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں سوشل سیکٹر کی ترقی کیلئے حکومت سے بھرپور تعاون کریں گے۔

مزیدخبریں