گلگت بلتستان سی پیک کا گیٹ وے‘ فری اینڈ فیئر الیکشن ہونے چاہئیں: شجاعت‘ پرویز الٰہی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان پاکستان کی معیشت اور دفاع کیلئے بڑی اہمیت کا حامل اور سی پیک کا گیٹ وے ہے، یہی وجہ ہے کہ ہماری جماعت مسلم لیگ (ق) نے ہمیشہ اس خطہ اور اس کے عوام کو خصوصی اہمیت دی ہے۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور سینیٹر کامل علی آغا کے ہمراہ نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل خان سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر شافع حسین اور جی ایم سکندر بھی موجود تھے۔ نگران وزیراعلیٰ میر افضل خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے کا مطالبہ سب سے پہلے چودھری شجاعت حسین نے پیش کیا۔ ان کی کاوشوں کے نتیجہ میں ہمیں یہ حیثیت حاصل ہوئی ہے جس پر ہم مسلم لیگی قیادت بالخصوص چودھری شجاعت حسین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس خطہ کی ترقی و خوشحالی اور حقوق کی حفاظت کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے گلگت بلتستان میں فری اینڈ فیئر الیکشن کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات میں سب کو آزادانہ طور پر حصہ لینے کا موقع ملنا چاہئے۔  چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کراچی میں مہتمم جامعہ فاروقیہ مولانا عادل خان کی شہادت پر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل مولانا حنیف جالندھری سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے دلی رنج و غم کا اظہار اور اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ مولانا عادل خان ایک عظیم باپ مولانا سلیم اللہ خان رحمۃ اللہ علیہ کے عظیم بیٹے تھے، ان کی دین کی ترویج و اشاعت کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام امت کا اثاثہ ہیں‘ ان کی ٹارگٹ کلنگ وطن عزیز کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش ہے۔ ایسے بہیمانہ واقعات سے دشمن پاکستان کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں۔ مسلم لیگی قائدین نے اپیل کی کہ حکومت سندھ مولانا عادل شہید کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے دعا کی کہ اللہ کریم مولانا عادل شہید کے درجات بلند اور لواحقین و سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...