بگیہار ڈیم پر بھارت کے پانی روکنے سے چناب کا بڑا حصہ خشک نہر مرالہ راوی لنگ بند

Oct 12, 2020

سیالکوٹ (نامہ نگار) مقبوضہ کشمیر میں بگلیہار ڈیم پر پانی روکے جانے کی وجہ سے ہیڈمرالہ کے مقام پر دریائے چناب کے پانی کی آمد صرف 12ہزار چھ سو 51کیوسک رہی جس کی وجہ سے دریائے چناب کا بہت بڑا حصہ خشک ہو گیا ہے اور پانی کمی کی وجہ سے دریائے چناب سے نکلنے والی نہر مرالہ راوی لنک مکمل طور پر بند ہونے کی وجہ سے خشک ہوگئی جبکہ دوسری نہر اپر چناب کے پانی کا بہائو بھی مزید کم ہوکر گیارہ ہزار سات سو سولہ کیوسک رہا۔ سابق صدر جنرل ایوب خان کے دور میں پاکستان کے ساتھ ہونے والے سندھ طاس معاہدہ کے تحت بھارت دریائے چناب میں ہر لمحہ 55ہزار کیوسک پانی چھوڑنے کا پابند ہے لیکن بھارت نے دریائے چناب پر بھارت کے غیرقانونی قبضہ والے کشمیر میں بگلیہار ڈیم تعمیر کر کے اس کا پانی روک پر پاکستان کو نقصان پہنچایا۔ ترجمان ایری گیشن کے مطابق دو دیگر دریائوں دریائے مناور توی کے نو سو اکانوے کیوسک پانی اور دریائے جموں توی کے دو ہزار 74کیوسک پانی کے شامل ہونے سے دریائے چناب کے مجموعی پانی کی آمد 15ہزار 716کیوسک رہی تاہم دریائے چناب کے اپنے پانی کی آمد بارہ ہزار چھ سو اکاون کیوسک رہی۔

مزیدخبریں