شکرگڑھ (نامہ نگار) شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی محمد اکمل عابد کی نماز جنازہ شکرگڑھ کے نواحی گائوں بھیلووالی میں اداکردی گئی۔ مکمل سرکاری اعزازکے ساتھ سپردخاک، شہید کی نماز جنازہ میں لیگی رہنما احسن اقبال، ایم پی اے رانا منان سمیت عسکری حکام نے شرکت کی۔ شکرگڑھ کے ایک اور سپوت نے ارض وطن عزیز کے دفاع میںجان قربان کر دی۔ گزشتہ روز تحصیل شوال مندرہ مانہ کے مقام پر سرحد پار سے دشمن کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک فوج جوان اکمل عابد کے شکرگڑھ میں آبائی گائوں بھیلووالی میں جسد خاکی پہنچایا گیا۔ شہید کی میت کا گائوں کے نوجوانوں نے ریلی کی صورت میں استقبال کیا۔ پاک فوج زندہ باد اور شہید جوان اکمل عابد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ پھولوں کی پتیاں برسائی گئیں۔ جسد خاکی گھر پہنچتے ہی اہل علاقہ کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ جو شہید کا دیدار کرنے کے لئے بے تاب دکھائی دئے۔ والدہ، بیوہ اور بہنیں تابوت کے ساتھ لپک کر آنسو بہاتی رہیں۔ نمازجنازہ کے بعد چاق وچوبند دستے نے سلامی دی اور سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کی گئی۔ بریگیڈئر کامران نے آرمی چیف اور جوائنٹ چیف سٹاف، صدر پاکستان سمیت انکی یونٹ کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ شہید کی دو ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ 2 بھائی اور 3بہنیں ہیں۔ والد میاں عابد آرمی سے ریٹائرڈ ہیں جنکا کہنا ہے شہادت میرا بھی عزم تھا۔ جو میرے بیٹے کے نصیب میں آیا۔ خوش قسمت ہوں ایک شہید کا والد ہونے کا اعزاز ملا ہے۔