لاجسٹک ‘آپریشنل وجوہات کے سبب ملتان کا وینیو دستیاب نہیں تھا: ذاکر خان 

Oct 12, 2020

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ لاجسٹک اور آپریشنل وجوہات کے سبب ملتان کا وینیو دستیاب نہیں تھا، لہٰذا ہم نے سیریز کے شیڈول کا دوبارہ جائزہ لیا اور ایک ایسا شیڈول ترتیب دیا ہے جو دونوں ٹیموں، میچ آفیشلز، براڈکاسٹرز اور دیگر متعلقہ حکام کیلئے موزوں ہے۔ ہم نومبر میں لاہور شہر میں متوقع سموگ کی صورتحال سے متعلق محکمہ موسمیات سے مسلسل رابطے میں رہیں گے اور اگر اس دوران کسی تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو اس پر غور کیا جائیگا۔ راولپنڈی کی دستیابی سے واضح ہے کہ آئی سی سی مینز  ورلڈکپ سپر لیگ کے میچوں کے انعقاد سے متعلق کوئی غیر یقینی نہیں اور پاکستان کوشش کریگالیگ کا فاتحانہ آغاز کرکے زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرسکے۔ زمبابوے کی ٹیم نے آخری بار 2015 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ایک روزہ اور 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گئے تھے۔ اس دورے کے بعد سری لنکا، بنگلہ دیش اور ایم سی سی کرکٹ ٹیموں نے بھی پاکستان میں مختلف طرز کی کرکٹ کے میچز کھیلے۔اس کیساتھ ساتھ پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے اب تک کھیلے گئے تمام میچز کی میزبانی بھی پاکستان میں ہی کی۔ ایونٹ کے بقیہ چاروں میچز اب 14، 15 اور 17 نومبر کو لاہور میں شیڈول ہیں۔

مزیدخبریں