مکرمی :کورونا وائرس سے بچائوکیلئے سماجی فاصلہ اور احتیاطی تدابیرکا سلسلہ جاری ہے۔ لوگوں نے اس بات کا ادراک کیا ہے کہ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز (آئی سی ٹیز) کی معاونت کے بغیرترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔ پاکستان کے پاس بالخصوص ڈیجیٹل پاکستان کے اپنے وژن کے ساتھ قومی ادارہ پی ٹی سی ایل، یوفون، ٹیلی نار وغیرہ جیسے متعدد ٹیلی کام ادارے موجود ہیں جو اپنی ٹیکنیکل صلاحیتوں کو نہ صرف اپ گریڈ بلکہ ان میں اضافہ کررہے ہیں۔تاہم عوام بالٰخصوص خواتین کی طرف سے معاشرے کی بھلائی کیلئے دستیاب کمیونیکیشن پلیٹ فارمزکا ابھی تک موثر استعمال نہیں کیا جارہا ہے حالانکہ یہ ان کی پہنچ میں ہے۔ خاص طور پر نوجوان اپنے وقت اور پلیٹ فارمز کو تعمیری اور مفید استعمال کی بجائے ٹک ٹاک ویڈیوز اور آن لائن گیمز پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔کمیونیکیشن پلیٹ فارمزکے موثر استعمال سے ہنرمندی میں اضافہ، آن لائن ملازمتوں کے مواقع، ای کامرس اور کاروبار کی نئی راہیں کھلیں گی، بلکہ اس سے نہ صرف مقامی مارکیٹ بلکہ عالمی مارکیٹ تک رسائی حاصل ہوگی۔ ہمیں دیہی علاقوں میں صنفی مساوات کو متوازن بنانے کے لئے حوصلہ افزائی اورآگاہی پیدا کرنی ہوگی اور پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے خواتین کو مرکزی دھارے اور معاشی سرگرمیوں میں شامل کرنا ہوگا۔(سنیہ بخاریاسلام آباد)
سماجی فاصلہ اور احتیاطی تدابیرکا سلسلہ جاری
Oct 12, 2020